میرپور میں نئی ووٹر فہرستوں کی تکمیل ،ووٹر وں کی رجسٹریشن کاکام تیزی سے جاری ہے ،چوہدری امجد اقبال

ہفتہ 12 مارچ 2016 15:06

میرپور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔12 مارچ۔2016ء)ڈپٹی کمشنر چوہدری امجد اقبال نے کہا ہے کہ ضلع میرپور میں نئی ووٹر فہرستوں کی تکمیل اور ووٹر وں کی رجسٹریشن کاکام تیزی سے جاری ہے نئے ووٹروں کااندارج شناختی کارڈ ،فارم ب اور اوورسیز کارڈ کے بغیر نہیں ہوسکے گا ۔نئی ووٹر لسٹوں میں صرف ایسے تمام باشندگان کا نام بطور ووٹردرج ہوسکے گا ۔

جن کی عمر 20اپریل 2016کو 18سال ہوگی ۔نئی ووٹر لسٹوں کی تیاری کے سلسلہ میں کمشنر میرپور ڈویژن اور چیف الیکشن کمشنر کی طرف سے دی گئی ہدایات پر سو فیصد عملدرآمد کیا جار ہا ہے ۔ سپروائزر، شمار کندگان اور فیلڈ سٹاف کی مثبت کاوشوں کے باعث ووٹر لسٹوں کی تیاری کا کام اطمینان بخش ہے ۔مقررہ تاریخ تک سو فیصد ووٹرز کی رجسٹریشن کا کام مکمل ہوجائے گا ۔

(جاری ہے)

رجسٹریشن آفیسر ،اسسٹنٹ رجسٹریشن آفیسر ،شمار کندگان اور سپروائزر حضرات ووٹرز کی رجسٹریشن کے کام میں مزید بہتری لائی جائے ۔ووٹرز لسٹوں کی تیاری میں سو فیصد شفافیت رکھی جائے کسی جگہ سے بوگس ووٹ کے اندراج کی اطلاع ملی تو قانون و قاعدے کے مطابق سخت اقدامات اٹھائے جائیں گے ۔ڈپٹی کمشنر نے آج ضلع کے مختلف مقامات پر ووٹر لسٹوں کی تیاری کے سلسلہ میں اچانک پڑتال کی دوران پڑتال انھوں نے رجسٹریشن کے کام کو تسلی بخش قرار دیتے ہوئے کہاکہ ووٹر لسٹوں کی تیاری اور رجسٹریشن کا کام قومی فریضہ ہے اس میں ملازمین کے علاوہ عوام الناس بھی اپنی بھرپور ذمہ داری کا مظاہر ہ کریں اور رجسٹریشن عملہ سے بھرپور تعاون کریں ۔

انھوں نے کہاکہ ووٹ رجسٹریشن مستقل پتہ پر ہی کی جائے البتہ جو شخص عارضی پتہ پر ووٹ کا اندراج کروانا چاہے وہ اپنے مستقل پتہ کے رجسٹریشن آفیسر سے مستقل پتہ پر ووٹ کے عدم اندارج کا NOCحاصل کر کے عارضی پتہ پر ووٹ درج کر واسکتا ہے ۔