آمدہ انتخابات غلامان مغرب اورغلامان مصطفی کے درمیان معرکہ ہوگا ،محمودالحسن چودھری

عوام غلامان مصطفی کے حق میں فیصلہ دیکر جماعت اسلامی کو کامیاب کریں،کارنر میٹنگز سے خطاب

ہفتہ 12 مارچ 2016 15:06

کوٹلی( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔12 مارچ۔2016ء) جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر کے نائب امیرمحمودالحسن چودھری نے کہا ہے کہ آمدہ انتخابات غلامان مغرب اورغلامان مصطفی کے درمیان معرکہ ہوگا عوام غلامان مصطفی کے حق میں فیصلہ دے کر جماعت اسلامی کو کامیاب کریں ،ان خیالات کااظہار انہوں نے عوام رابطہ مہم کے دوران کارنر میٹنگز سے خطاب کرتے ہوئے کیا ،انہوں نے کہا کہ نا اہل اور کرپٹ قیادت ہمارے مسائل کی جڑ ہے عوام اپنی نسلوں کے مستقبل کو مزید ایک صدی تک تاریک ہونے سے بچانے کے لیے جماعت اسلامی کا بھرپور ساتھ دیں ،حقوق نسواں بل قرآنی تعلیمات کے مغائر ہے خواتین کو جو حقوق اسلام نے دئیے ہیں اس سے زیادہ کوئی مذہب حقوق دینے کا تصور بھی نہیں کر سکتا ،پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ملک اور ریاست کے اسلامی تشخص کو چیلنج کررہی ہیں عوام اس کا انتخابات میں جواب دیں ،ممتاز قادری شہید کے ماننے والے ان کو مسترد کریں جنہوں نے ممتاز قادری کو گرفتار کیا اور جنہوں نے شہید کیا یہ دونوں مغربی این جی اوز کے ایجنڈے کی تکمیل کے لیے اسلام کو ہدف بنا رہے ہیں ،انہوں نے کہا کہ چندماہ بعد حق اورباطل کے درمیان ووٹ کی پرچی فیصلہ کرے گی اس لیے عوام ممتاز قادری شہید اور اسلام کی لاج رکھنے کے لیے ان ظالموں کو مسترد کریں اور اسلامی نظام کے قیام کے لیے جدوجہد کرنے والی جماعت اسلامی کو کامیاب کریں یہی ہمارے مسائل کا واحد حل ہے ۔