جوہری سلامتی سربراہی کانفرنس کے موقع پر وزیراعظم نوازشریف بھارتی ہم منصب نریندر مودی سے ملاقات کرسکتے ہیں، باضابطہ ملاقات کا انحصارمیسر موقع پر ہے،مودی کے اقتدار میں آنے کے پہلے سال صورتحال اچھی نہیں تھی ، گزشتہ دو ماہ بہتر تھے ،پاک بھارت خارجہ سیکرٹریوں مابین ملاقات بارے کچھ نہیں کہہ سکتا، امید ہے پہلے بھارتی سیکرٹری خارجہ اسلام آباد کا دورہ کریں گے

مشیر خارجہ سرتاج عزیز کا بھارتی خبررساں ادارے کو انٹرویو

ہفتہ 12 مارچ 2016 18:19

جوہری سلامتی سربراہی کانفرنس کے موقع پر وزیراعظم نوازشریف بھارتی ہم ..

واشنگٹن /نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔12 مارچ۔2016ء) وزیراعظم کے مشیر برائے خارجہ امور سرتاج عزیز نے کہا ہے کہ واشنگٹن میں جوہری سلامتی سمٹ کے موقع پر وزیراعظم نوازشریف بھارتی ہم منصب نریندر مودی سے ملاقات کرسکتے ہیں تاہم باضابطہ ملاقات کا انحصار موقع پر ہے،مودی کے اقتدار میں آنے کے بعد پہلے سال صورتحال اچھی نہیں تھی تاہم گزشتہ دو ماہ بہتر تھے،پاک بھارت خارجہ سیکرٹریوں کے درمیان ملاقات بارے کچھ نہیں کہہ سکتے، امید ہے پہلے بھارتی سیکرٹری خارجہ اسلام آباد کا دورہ کریں گئے۔

بھارتی خبررساں ادارے پی ٹی آئی کو دیئے گئے ایک انٹرویو میں سرتاج عزیز نے کہا کہ واشنگٹن میں جوہری سلامتی کانفرنس کے موقع پر وزیراعظم نوازشریف اور بھارتی وزیر اعظم نریندرمودی کے درمیان ملاقات کے امکانات موجود ہیں۔

(جاری ہے)

انکا کہنا تھاکہ جب نوازشریف اور نریندر مودی واشنگٹن میں ہونگے تو وہ ایک دوسرے سے ملاقات کرسکتے ہیں تاہم باضابطہ ملاقات کے بارے میں مجھے نہیں معلوم یہ سب مواقع پرمنحصر ہے ۔

سرتاج عزیز نے کہاکہ نوازشریف امریکی صدر براک اوباما کی دعوت پر نیوکلیئر سیکورٹی سربراہی کانفرنس میں شرکت کے لئے واشنگٹن جائیں گئے ۔مئی 2014میں مودی کے اقتدار میں آنے کے بعد پاک بھارت تعلقات کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں سرتاج عزیز نے کہاکہ پہلے سال میں صورتحال اچھی نہیں تھی تاہم گزشتہ دو ماہ بہتر ہیں۔انھوں نے کہاکہ جوہری کانفرنس کے موقع پرممکنہ طور پر پاک بھارت وزرائے اعظم کی ملاقات سے پہلے دونوں ممالک کے خارجہ سیکرٹریوں کے درمیان ملاقات کا امکان ہے تاہم ابھی تک وقت کا تعین نہیں کیا گیا ۔ہم نہیں جانتے کہ دونوں ممالک کے خارجہ سیکرٹریوں کے درمیان کب ملاقات ہوگی ہم امید کررہے ہیں کہ پہلے بھارتی سیکرٹری خارجہ اسلام آباد کا دورہ کریں گے ۔