کمیٹی کی مشاورت سے نجی تعلیمی اداروں کی فیسوں میں اضافے کے معاملے کا مستقبل بنیادوں پر حل تلاش کرلیا جائیگا‘ رانا مشہود احمد

معاملہ کو حل کرنے کیلئے صوبہ بھر سے پرائیویٹ سکولز ایسوسی ایشن کے دو دو نمائندوں کے نام لئے جا رہے ہیں ‘ وزیر تعلیم پنجاب کی گفتگو

ہفتہ 12 مارچ 2016 20:52

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔12 مارچ۔2016ء) صوبائی وزیر تعلیم ‘ سپورٹس اینڈ یوتھ افیئرز پنجاب رانا مشہود احمد خان نے کہا ہے کہ پرائیویٹ تعلیمی اداروں کی فیسوں میں اضافے کے معاملہ کو حل کرنے کیلئے صوبہ بھر سے پرائیویٹ سکولز ایسوسی ایشن کے دو دو نمائندوں کے نام لئے جا رہے ہیں ، اس طرح ایک دس رکنی کمیٹی کے ساتھ مشاورت اور ان کی تجاویز کی روشنی میں اس مسئلہ کامستقل بنیادوں پر حل تلاش کرلیاجائے گا۔

وہ ڈی سی او سرگودہا کے دفتر کے کمیٹی روم میں پرائیویٹ سکولز ایسوسی ایشن کے ایک نمائندہ وفد سے ملاقات کر رہے تھے ۔ ا۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ پرائیویٹ تعلیمی اداروں کی طرف سے فیسوں میں غیر معمولی اضافہ بلاجواز ہے ۔ کوالٹی ایجوکیشن کو یقینی بنانے کیلئے حکومت پنجاب پر عزم ہے ۔

(جاری ہے)

ملک میں کوالٹی ایجوکیشن کے ضمن میں نجی تعلیمی اداروں کے کردار سے انکار نہیں کیا جاسکتا۔

اس موقع پر پارلیمنٹرین کی طرف سے نشاندہی پر رانا مشہود نے ای ڈی اوایجوکیشن کو ہر ممبر اسمبلی سے ان کے حلقہ میں سکول اور کالج کے قیام کیلئے تجاویز طلب کر کے انہیں ارسال کرنے کی بھی ہدایت کی تاکہ پارلیمنٹرین کی ایسی تجاویز کو آئندہ مالی سال کے اے ڈی پی میں شامل کروایاجاسکے۔ انہوں نے گرلز ڈگری کالج بلاک نمبر 23کیلئے کمپیوٹرز کی تعداد میں اضافہ کے ساتھ ساتھ کالج کے باہر تجاوزات کو ختم کروانے کی بھی ہدایت کی۔

صوبائی وزیر نے گورنمنٹ انبالہ مسلم ہائی سکول کی قدیم تاریخی عمارت کے ورثہ کو محفوظ بنانے کیلئے سروے کروانے کی یقین دہانی کروائی ۔ انہوں نے کہاکہ انبالہ مسلم ہائی سکول کی تاریخی عمارت کو پرائیویٹ سیکٹر او رمخیر حضرات کے تعاون سے خوبصورت بنا کر تاریخی ورثہ کے طو رپر محفوظ کیا جائے تاکہ یہاں تعلیمی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ شام کے اوقات میں شہریوں کو اس تاریخی ورثہ کی سیر کا انتظام کے جاسکے۔

اس موقع پر عوامی نمائندوں کی نشاندہی پر صوبائی وزیر نے ڈویژنل سپورٹس آفیسر کو سرگودہا سٹیڈیم کی پچزکو محفوظ بنانے کیلئے فوری کور خریدنے ‘سپورٹس کمپلیکس کو آپریشنل کرنے نیز سپورٹس سٹیڈیم ساہیوال کی تزائین وآرائش بھی مکمل کرنے کیلئے اقدامات کرنے کی ہدایت کی ۔ انہوں نے سپورٹس کمپلیکس کوٹمومن کے قیام میں حائل دشواریوں کو بھی دور کروانے کی یقین دہانی کروائی ۔

رانا مشہود احمد خان نے ای ڈی او ایجوکیشن سے ضلع بھر میں تعمیر کئے گئے ایسے سکولز جن کی عمارت مکمل ہو چکی ہیں اور ایس این ای نہیں ہو سکی کے بارے میں فوری مفصل رپورٹ بھجوانے کی بھی ہدایت کی۔ بعدازاں صوبائی وزیر نے بورڈ آف انٹر میڈیٹ اینڈ سکینڈری ایجوکیشن سرگودہا کا بھی دورہ کیا ۔ اس موقع پر چیئرمین بورڈ پروفیسر ڈاکٹر سراج الحق ‘ سیکرٹری فرح ناز اور کنٹرولر امتحانات لیاقت علی نوید کے علاوہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبہ کے سٹاف او رافسران بھی موجود تھے ۔

بورڈ انتظامیہ کی طرف سے صوبائی وزیر کو تعلیمی سرگرمیوں او ربورڈ کی کارکردگی ‘ رزلٹس کی شفاف تیاری ‘ رزلٹ کے روز ہی اسناد کی ڈلیوری او رامتحان کے نگران عملہ اور سٹاف کے بلا تاخیر معاوضہ کے بارے میں بریفنگ دی ۔ انہوں نے بورڈ کے مختلف شعبہ جات کا بھی دورہ کیا ۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ صوبے کے تمام بورڈز کا تھرڈ پارٹی آڈٹ کروایا جائے گا۔