کراچی ،پولیس نے پیسوں کی لالچ میں دادی کو قتل کرنے والے سفاک قاتل کو گرفتا رکرلیا

جمعرات 17 مارچ 2016 20:25

کراچی ،پولیس نے پیسوں کی لالچ میں دادی کو قتل کرنے والے سفاک قاتل کو ..

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔17 مارچ۔2016ء) کراچی میں سنگ دل پوتا پیسوں کے لالچ میں قاتل بن گیا، ڈکیتی کے دوران اپنی دادی کو قتل اور دادا کو زخمی کرنے والے پوتے کو ساتھی سمیت گرفتار کرلیا گیا۔ملزم کے قبضے سے لوٹا ہوا سامان برآمد کرلیا گیا۔ یہ بات ڈی آئی جی ساؤتھ ڈاکٹر جمیل احمد نے جمعرات کو ڈی آئی جی آفس میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئی بتائی۔

انہوں نے کہا کہ آرٹلری میدان تھانے کی انویسٹی گیشن پولیس پارٹی نے 23 فروری کو کینٹ داود پوتا روڈ سالا اپارٹمنٹ 7thفلور بلاک اے فلیٹ نمبر 702 میں مسماۃ سکینہ کو سر پر کند آلے کے وار کرکے قتل اور اس کے شوہر خورشید عالم کو شدید زخمی کرکے طلائی زیورات اور دیگر قیمتی سامان لوٹ کر فرار ہونے والے ملزمان نعیم پرویز عرف بابو ولد پرویز مسیح اور اس کے ساتھ ایڈررک خرم اسٹیفن پیٹر جان کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

ملزمان نے دوران تفتیش اعتراف جرم کرتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے قتل کی واردات کی منصوبہ بندی مقتولہ کے بھائی زاہد پرویز ولد شریف مسیح کے کہنے پر کی۔ ملزم نعیم پرویز نے بتایا کہ 23 فروری کو دادی کے فلیٹ پر گئے اور بیل بجائی، دادی نے مجھے دیکھ کر دروازہ کھول دیا، میرے ساتھی ایڈررک خرم نے دادی کو پکڑ لیا اور میں نے گھر سے بڑا تالا اٹھا کر دادی کے سر پر مارا جس سے دادی موقع پر ہی دم توڑ گئی اسی اثناء میں میرے داد خورشید عالم حیات آگئے، ایڈررک خرم نے انہیں بھی پکڑ لیا اور ان کے سر پر بھی متعدد وار کیے جس سے وہ زخمی ہو کر بیہوش ہوگئے۔

میں نے سمجھا کہ وہ بھی ہلاک ہوچکے ہیں۔ ہم دونوں نے ان کے گھر کی الماریوں سے طلائی زیورات، موبائل فون، لیپ ٹاپ اور ملکی و غیر ملک کرنسی لوٹ کر فرار ہوگئے۔ ڈی آئی جی ساؤتھ نے بتایا کہ ملزمان کے ساتھی زاہد پرویز کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں۔ واقعے کا مقدمہ 27/2016 عدنان خرم حیات ولد خورشید عالم حیات کے مدعیت میں تعزیرات پاکستان کی دفعہ 302 ،324 اور 392/34 آرٹلری میدان تھانے میں درج ہے۔

متعلقہ عنوان :