قائمقام ڈی سی او اعجازخالق رزاقی کا الفتح سپورٹس کمپلیکس کا دورہ

ہفتہ 19 مارچ 2016 22:37

فیصل آباد ۔19 مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔19 مارچ۔2016ء ) قائمقام ڈی سی او اعجازخالق رزاقی نے کہا ہے کہ الفتح سپورٹس کمپلیکس میں 7کروڑ روپے کے فنڈز سے زیرتعمیر شہید طورسم سکوائش کورٹ، ٹیبل ٹینس اکیڈمی اور ای لائبریری کھیلوں کی ترویج وترقی کے لئے انتہائی اہم منصوبہ ہے جس کی تیزرفتار تعمیر میں کوئی کسر باقی نہیں رہنی چاہیے۔

انہوں نے یہ بات الفتح سپورٹس کمپلیکس سلیمی چوک میں زیرتعمیر منصوبوں کا معائنہ کرتے ہوئے کہی۔ڈی او سپورٹس چوہدری طارق نذیر،ڈی اوپلاننگ مہر رمضان اور دیگر متعلقہ افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔قائمقام ڈی سی اونے بتایا کہ 2کروڑ 20لاکھ روپے سے شہید طورسم سکوائش کمپلیکس زیر تعمیر ہے جہاں کھلاڑیوں اورشائقین کے لئے عالمی معیار کے دوکورٹس کے علاوہ ہال اور تماشائیوں کے بیٹھنے کے انتظامات منصوبے کا حصہ ہے جبکہ 2کروڑ80لاکھ روپے کی لاگت سے ٹیبل ٹینس اکیڈمی کے قیام سے اس کھیل کو مزیدترقی ملے گی اور 2کروڑ روپے سے ای لائبریری قائم کی جارہی ہے جہاں سپورٹس کی کتابوں کے علاوہ کھلاڑیوں کو ٹریننگ کی سہولت بھی حاصل ہوگی۔

(جاری ہے)

قائمقام ڈی سی اونے ڈی او سپورٹس سے کہا کہ سکوائش کمپلیکس کے فرش پر لکڑی کی شیٹ اور کورٹ کا سیشہ عالمی معیار کاہونا چاہیے اس سلسلے میں سکوائش کے کھیل کے ماہرین کی مشاورت کو یقینی بنائیں۔انہوں نے منصوبوں کے زیرتعمیر بعض حصوں کا معائنہ کیا اور ہدایت کی کہ اعلیٰ تعمیراتی معیارپرکوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ ضلع میں کھیلوں کی سرگرمیوں کو پروان چڑھانے کے علاوہ پلے گراؤنڈز کی تعمیروترقی پر بھی خصوصی توجہ دی جارہی ہے۔قائمقام ڈی سی اونے الفتح فٹبال گراؤنڈ کا بھی معائنہ کیا اور بعض ضروری انتظامات کاجائزہ لیا۔اس موقع پر محکمہ بلڈنگز کے افسران نے تازہ ترین تعمیراتی پیشرفت سے آگاہ کیا۔

متعلقہ عنوان :