کراچی آپریشن جرائم پیشہ افراد کی سرکوبی تک جاری رہے گا۔ ڈی جی رینجرز سندھ

اتوار 20 مارچ 2016 18:34

کراچی ۔ 20 مارچ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔20 مارچ۔2016ء) ڈی جی رینجرز سندھ میجر جنرل بلال اکبر نے کہا ہے کہ کراچی آپریشن جرائم پیشہ افراد کی سرکوبی تک جاری رہے گا، سیکیورٹی کمپنیز قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ معلومات شیئر کریں،آل پاکستان سیکیورٹی سروسز ایسوسی ایشن کے وفد کی بریگیڈیئر ریٹائرڈ رشید ملک کی سربراہی میں رینجرز ہیڈکوارٹر سندھ آمد، ستر رکنی وفد کو ڈی جی رینجرز میجر جنرل بلال اکبر نے خوش آمدید کہا۔

ڈی جی رینجرز نے ستر رکنی وفد کو کراچی میں امن و امان کی صورتحال اور رینجرز آپریشن سے متعلق آگاہ کیا۔ ڈی جی رینجرز میجر جنرل بلال اکبر نے کہا کہ رینجرز آپریشن کسی ایک پارٹی یا گروہ کے خلاف نہیں،آپریشن کا مقصد صرف اور صرف جرائم پیشہ افراد کی سرکوبی کرنا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مذہبی اور سیاسی جماعتیں جرائم پیشہ افراد اور دہشتگردوں کو اپنی صفوں میں پناہ نہ لینے دیں، موجودہ آپریشن دہشتگردوں کے مکمل خاتمے تک جاری رہے گا۔

ڈی جی رینجرز نے کراچی میں کام کرنے والی سیکیورٹی کمپنیز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ سیکیورٹی کمپنیز نے سخت حالات کے باوجود کراچی کے عوام کی جان و مال کی حفاظت کا بیڑا اٹھایا ہے۔بریگیڈیئر ریٹائرڈ رشید ملک اور وفد کے شرکاء نے رینجرز کی جانب سے شہر میں امن کے لیے کیے گئے اقدامات کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ رینجرز آپریشن اسی جذبے اور شدت سے جاری رہے گا۔