پارلیمنٹ کے مشترکہ سیشن میں پی آئی اے کو پبلک لمیٹڈ کمپنی بنانے کے حوالے سے بل پیش کرنے کا معاملہ موخر، کل پیش کیاجائیگا

امید ہے پی آئی اے بل پر حکومت اور اپوزیشن کے درمیان معاملات خوش اسلوبی سے طے پاجائیں گے ، سینیٹر مشاہداﷲ

پیر 21 مارچ 2016 21:06

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔21 مارچ۔2016ء) حکومت نے پی آئی اے کو پبلک لمیٹڈ کمپنی بنانے کے حوالے سے بل پارلیمنٹ کے مشترکہ سیشن میں پیش کرنے کا معاملہ ایک دن کے لئے موخر کردیا جبکہ اس حوا لے سے مشاورت کے لئے حکومت او اپوزیشن کی مشترکہ کمیٹی تشکیل دے دی گئی ، بل (کل )مشترکہ اجلاس میں پیش کیا جائیگا۔پیر کو حکومت اور اپوزیشن جماعتوں کا اجلاس پارلیمنٹ ہاؤس میں ہوا۔

حکومت کی طرف سے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے چیئرمین اور سینیٹ میں قائد ایوان سینیٹر راجہ ظفر الحق اور وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے مذاکرات کی قیادت کی ، اپوزیشن کی طرف سے قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف خورشید شاہ نے قیادت کی جبکہ تحریک انصاف کی رہنما شیریں مزاری ، اسدعمر اور دیگر نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پی آئی اے کو پبلک لمٹیڈ کمپنی بنانے کے حوالے سے بل کو پیر کو ہونے والے مشترکہ اجلاس میں پیش نہ کرنے اوریہ معاملہ ایک دن کے لئے موخر کرنے کا فیصلہ کیاگیا ۔

پیر کوگیس چوری کے حوالے سے بل پیش کیا گیا۔پی آئی اے کے حوالے سے اپوزیشن اور حکومت کی مشترکہ کمیٹی تشکیل دی گئی اور پی آئی اے کے حوالے سے مزید مشاورت کی جائے گی اوراس بل کو (آج ) پیش کیا جائیگا۔اجلاس کے بعدمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ نے کہاکہ آج کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ حکومت پی آئی اے کے حوالے سے بل پیش نہیں کرے گی اور اس حوالے سے حکومت اور اپوزیشن کی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جو پی آئی اے کے حوالے سے بل پر مشاور کے بعد فیصلہ کرے گی۔

اجلاس میں راجہ ظفر الحق،وزیر خزانہ اسحاق ڈار ،مشاہداﷲ خان،سید خورشید شاہ، اعتزازاحسن ، شاہ محمود قریشی ،شیریں مزاری ، اسدعمر، فاروق ستار،طاہرحسین مشہدی،میرحاصل بزنجو،محمودخان اچکزئی،اکرم درانی، سمیت حکومت اور اپوزیشن کے دیگر رہنماؤں نے شرکت کی۔ جبکہ مسلم لیگ(ن)کے رہنما سینیٹر مشاہد اﷲ خان نے کہا ہے کہ پی آئی اے کو پبلک لمٹیڈ کمپنی بنانے کے حوالے سے بل پر حکومت اور اپوزیشن کے درمیان زیادہ اختلافات نہیں جس طرح معاملہ کو بڑھا چڑھا کر پیش کیا جارہاہے،امید ہے حکومت اور اپوزیشن کے درمیان معاملہ خوش اسلوبی سے طے پاجائیگا۔

پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے قبل حکومت اور اپوزیشن جماعتوں کے راہنماؤں کے درمیان پی آئی اے کو پبلک لمٹیڈ کمپنی بنانے کے حوالے سے بل پر مذاکرات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر مشاہد اﷲ خان نے کہا کہ اپوزیشن کو جائز مخالفت کرنی چاہیے۔اپوزیشن اور حکومت بل کے حوالے سے مسائل کے حل میں کامیاب ہوجائے گی۔ موجودہ اجلاس میں گیس چوری کے حوالے سے بل پیش کیا جائیگا۔جوائنٹ سیشن کے اجلاس کے بعد دوبارہ پی آئی اے پر بحث ہوگی امید ہے معاملہ حل ہوجائے گا اور اپوزیشن کے درمیان اس معاملہ پر زیادہ فاصلہ نہیں ہے جس طرح پیش کیا جارہاہے اور بڑھا چڑھا کر پیش کیا جارہاہے