پرویز خٹک نے خیبرپختونخوا کو سیلاب کی تباہ کاریوں سے مستقل طور پر بچانے کیلئے طویل المعیاد جامع منصوبہ تشکیل دینے کاحکم دیدیا

آئندہ بجٹ میں سڑکوں کے نئے منصوبے شامل نہیں کئے جائیگے،پشاور جیل میں قیدیوں کیلئے گنجائش پیدا کرنے کیلئے خصوصی ونگ کی تعمیر کیاجائیگا،وزیراعلی خیبرپختونخوا کی زیرصدارت اجلاس میں فیصلے

پیر 21 مارچ 2016 21:29

پرویز خٹک نے خیبرپختونخوا کو سیلاب کی تباہ کاریوں سے مستقل طور پر بچانے ..

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔21 مارچ۔2016ء) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے صوبے کو سیلاب کی تباہ کاریوں سے مستقل طور پر بچانے کیلئے ایک طویل المعیاد جامع منصوبہ تشکیل دینے کی ہدایت کی ہے جس پر وفاقی حکومت کے تعاون سے عملدرآمد کیا جائے گا۔ وہ سول سیکرٹریٹ پشاور میں سالانہ ترقیاتی پروگرام کے ششماہی جائزہ اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔

اجلاس میں وزیر خزانہ مظفر سید، سینئر وزیر، وزیر بلدیات عنایت اﷲ خان، معاون خصوصی برائے مواصلات و تعمیرات اکبر ایوب، چیف سیکرٹری امجد علی خان اور ایڈیشنل چیف سیکرٹری اعظم خان کے علاوہ انتظامی سیکرٹریوں نے شرکت کی۔ اجلاس میں مواصلات و تعمیرات، آبپاشی، خزانہ، داخلہ، اوقاف، مقامی حکومت، آبنوشی، صنعت، سائنس ٹیکنالوجی اور خصوصی اقدامات جیسے شعبوں کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔

(جاری ہے)

اجلاس میں ترقیاتی سرگرمیوں کی رفتار اور عملدرآمد میں حائل رکاوٹوں پر بحث کے علاوہ ترقیاتی سرگرمیوں پر کام تیز کرنے کیلئے کئی فیصلے کئے گئے۔ وزیراعلیٰ نے پورے صوبے کو 2010جیسے تباہ کن سیلابوں سے بچانے کیلئے ایک جامع منصوبہ تشکیل دینے کا حکم دیا۔ انہوں نے کہا کہ مجوزہ مرحلہ وار منصوبے پر وفاق کے مالی تعاون سے عملدرآمد کیا جائے گا۔

وزیراعلیٰ نے منصوبوں کے مقام میں تبدیلی کی سختی سے ممانعت کرتے ہوئے محکموں کیلئے منصوبوں کی منظوری سے پہلے سے ہی جگہ کے تعین کو لازمی قرار دیا۔ اسی طرح انہوں نے متعلقہ محکموں اور مواصلات تعمیرات کی باہمی مشاورت سے ٹھوس اور قابل عمل سکیمیں تشکیل دینے کی ہدایت کی۔ وزیراعلیٰ نے موجودہ سڑکوں کے منصوبوں کو مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے آئندہ بجٹ میں سڑکوں کے نئے منصوبے شامل نہ کرنے کا حکم دیا۔

انہوں نے منصوبوں کو تاخیر سے بچانے کیلئے مختلف محکموں کو فرموں کی پری کوالیفیکیشن یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ اسی طرح وزیراعلیٰ نے KPPIRRAرولز میں ترامیم کا حکم دیتے ہوئے خریداری کے ضوابط میں پیش آنے والی بعض پیچیدگیوں کو دور کرنے کی ہدایت کی۔ اجلاس میں پشاور جیل میں قیدیوں کیلئے گنجائش پیدا کرنے کیلئے خصوصی ونگ کی تعمیر کا حکم دیا گیا۔

وزیراعلیٰ نے اگلے بجٹ میں آبنوشی کی نئی سکیم شامل نہ کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے آبنوشی اور آبپاشی کی تمام سکیموں کو شمسی توانائی سے بجلی فراہم کرنے کی ہدایت کی۔ وزیراعلیٰ نے چشمہ رائٹ بینک لفٹ کنال کیلئے PC-Iکی تجدید کا حکم دیتے ہوئے اس سلسلے میں وفاقی حکومت سے رابطہ کرنے کا حکم دیا۔ وزیراعلیٰ نے سستا آٹا سکیم کو اگلے بجٹ میں ہیلتھ انشورنس سکیم میں شامل کرنے کا حکم بھی دیا۔

وزیراعلیٰ نے EZDMCکے تعاون سے ٹیکنیکل سنٹرز میں صنعتوں کو درکار ہنر مند افراد کی فراہمی کیلئے پیشہ ورانہ تربیت کے کورسز شروع کرنے کی ہدایت کی۔ اسی طرح سکیموں پر جاری فنڈز کے مطابق ترقیاتی کام شروع کرکے سکیموں میں غیر ضروری تاخیر سے بچانے کی ہدایت کی۔ وزیراعلیٰ نے پشاور ترقیاتی ادارے کو پشاور میں ترقیاتی سرگرمیوں پر کام تیز کرنے کا بھی حکم دیا۔