پاکستان نے ایٹمی مواد کے تحفظ سے متعلق کنونشن میں 2005ء کی ترمیم کی توثیق کردی ہے، وزارت خارجہ کا بیان

پیر 21 مارچ 2016 22:35

اسلام آباد ۔ 21 مارچ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔21 مارچ۔2016ء) پاکستان نے ایٹمی مواد کے تحفظ سے متعلق کنونشن میں 2005ء کی ترمیم کی توثیق کر دی ہے۔ پیرکو وزارت خارجہ کی طرف سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق وزیراعظم کی ایڈوائس پر صدر مملکت ممنون حسین نے توثیق کی دستاویز پر دستخط کئے۔ قبل ازیں فروری 2014ء میں وزیراعظم کی زیر صدارت اجلاس میں نیشنل کمانڈ اتھارٹی نے ترمیمی کنونشن کی توثیق کی اصولی منظوری دی تھی۔

ایٹمی مواد کے تحفظ کا کنونشن 8 فروری 1987ء سے نافذ العمل ہے اور ایٹمی مواد کا تحفظ ایک بین الاقوامی ذمہ داری ہے۔ اس کنونشن میں ایٹمی مواد کی روک تھام اور ایٹمی مواد سے متعلق جرائم کی سزا کا تعین کیا گیا ہے۔ 8 جولائی 2005ء کو اس کنونشن میں اتفاق رائے سے ترمیم کو منظور کیا گیا تھا اور اس کا دائرہ کار پرامن مقاصد کیلئے ایٹمی مواد اور ایٹمی سہولیات اور ملکی اور بین الاقوامی سطح پر نقل و حمل تک بڑھا دیا گیا تھا۔

(جاری ہے)

اس ترمیمی کنونشن کی توثیق ایٹمی سیکورٹی کے مقصد کیلئے پاکستان کے عزم کا اعادہ ہے اور اس سے ایک ذمہ دار ایٹمی ریاست کے طور پر پاکستان کا کردار ابھر کر سامنے آتا ہے اور یہ علاقائی سیکورٹی کے نظام پر پاکستان کے اعتماد کا بھی مظہر ہے جو کہ خطے میں جدید ترین بین الاقوامی معیار کے مطابق ہے۔

متعلقہ عنوان :