Live Updates

مظفرآبادکے عوام اپنی محرومیوں اور دکھوں کا بدلہ ووٹ کی طاقت سے لینے کی تیاری کرلیں‘ گلزافاطمہ

تحریک انصاف نے عمران خان کے وژن کے مطابق آزادکشمیر کو ایک بہتر حکومت دینے کا فیصلہ کیا ہے‘رہنماء پی ٹی آئی

منگل 22 مارچ 2016 12:57

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔22 مارچ۔2016ء) پی ٹی آئی آزادکشمیر شعبہ خواتین کی صدر اور سابق رکن اسمبلی گلزافاطمہ نے کہا ہے کہ مظفرآبادکے عوام اپنی محرومیوں اور دکھوں کا بدلہ ووٹ کی طاقت سے لینے کی تیاری کرلیں کیونکہ ظلم کو سہتے چلے جانا ازخود ایک ظلم ہے ۔تعمیر نو کی رقم منتقل کرنے اور اس ظلم پر خاموش تماشائی کا کردار بننے والے سب کردار عوامی عتاب کے باعث انجام کو پہنچیں گے۔

وہ گزشتہ روز بیلہ نورشاہ میں سونیا کاظمی ایڈووکیٹ کے گھر پر منعقدہ خواتین کی کارنر میٹنگ سے خطاب کررہی تھیں۔انہوں نے کہا کہ مظفرآباد سے ملازمتیں دوسرے حلقوں میں منتقل کی جاتی رہیں ۔اس شہر کی تعمیر نو کی رقم کن مقاصد کے لئے استعمال ہوئی کوئی بھی نہیں جانتا۔

(جاری ہے)

حکمران طبقات کے ان ظالمانہ رویوں نے مظفر آباد کے عوام کو لاوارث بنا کر رکھ چھوڑا تھا ۔

اب ہر ظلم وزیادتی کا حساب چکانے کا موسم آرہا ہے ۔مظفر آباد کے عوام اس کی بھرپور تیاری کریں ۔تحریک انصاف نے عمران خان کے وژن کے مطابق آزادکشمیر کو ایک بہتر حکومت دینے کا فیصلہ کیا ہے ۔عوام کے زخموں پر مرہم رکھنے کی بھرپور کوشش کی جائے گی ۔انہوں نے کہا کہ خواتین معاشرے میں تبدیلی کے لئے اہم کردار اداکرتی ہیں ۔آزادکشمیر کی خواتین منصفانہ معاشرے کی قیام کی جدوجہد میں پی ٹی آئی کا ساتھ دیں۔

انہوں نے کہا کہ رشوت ،سفارش،اقربا پروری سے پاک معاشرے اور حکومت کا قیام ہمارا مطمع نظر ہے مگر یہ جدوجہد معاشرے کے اجتماعی تعاون کے بغیر ممکن نہیں ۔کارنر میٹنگ سے پی ٹی آئی شعبہ خواتین مظفر آباد ڈویژن کی صدر انجمن اعوان ایڈووکیٹ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف کی قیادت نے سیاست کو تجارت نہیں بنایا یہی وجہ کہ آج لوگ اس جماعت کی قیادت کی بات کو وزن دیتے ہیں ۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات