چھٹی سنگھ پورہ میں خون کی ہولی کھیلنے والوں کو بے نقاب کیا جائے ،لانجینئر رشید

منگل 22 مارچ 2016 15:20

سرینگر۔ 22 مارچ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔22 مارچ۔2016ء) مقبوضہ کشمیرمیں نام نہاد کشمیر اسمبلی کے رکن اور عوامی اتحادکے سربراہ انجینئر عبدالرشید نے سانحہ چھٹی سنگھ پورہ کو 16برس پورے ہونے کے موقع پر کہاہے کہ پوری ریاست کے لوگ جاننا چاہتے ہیں کہ کن مقاصد کے تحت کس کے کہنے پر چھٹی سنگھ پورہ کی بستی کو خون میں نہلا گیاتھا۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق انجینئر رشید نے سرینگر میں ایک تعزیتی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی خفیہ ایجنسیاں سانحہ چھٹی سنگھ پورہ کی تحقیقات کو سبوتاژ کررہی ہیں۔

انہوں نے کہاکہ سانحہ کی تحقیقات میں ناکامی نے بھارت کی سیکورٹی ایجنسیوں اور تحقیقاتی اداروں کی بے اعتباریت کا بھانڈا پھوڑ دیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ پوری ریاست کے لوگ یہ حقیقت جاننے کیلئے بے قرار بھی ہیں اور ایسا جاننا ان کا حق بھی ہے کہ آج سے 16 برس قبل کن مقاصد کے تحت ، کس کے کہنے پر اور کن قاتلوں نے چھٹی سنگھ پورہ کی بستی کو خون سے تر کیاتھا۔

(جاری ہے)

انجینئر رشید نے کہا بھارتی ایجنسیوں اور تحقیقاتی اداروں کے رویہ سے عیاں ہے کہ وہ سانحہ میں ملوث افراد کی پردہ پوشی کررہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ اگر ایسا نہیں ہوتا تو قاتلوں کی پردہ پوشی کیلئے بھارتی فوج اور پولیس مل کر 5 بے گناہ جوانوں کو قتل کر کے انہیں سانحہ کا ذمہ دار نہ ٹھہراتی ۔ انہوں نے کہا بعد میں جس طرح حقائق سامنے آئے اس سے ثابت ہوتا ہے کہ اصلی قاتلوں کی پردہ پوشی کیلئے 5نوجوانوں کو قتل کیاگیا ۔

انجینئر رشید نے کہاکہ مقبوضہ علاقے میں وقتاً فوقتاًقائم ہونیوالی نام نہاد حکومتوں نے سانحہ میں ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی کے وعدے کئے جو کہ بعد میں کھوکھلے ثابت ہوئے۔ انہوں نے کشمیری مسلمانوں کی مشکل کی ہر گھڑی میں مدد کرنے اور پنڈتوں کی طرف وادی کشمیر نہ چھوڑنے پر سکھ برادی کا شکریہ ادا کیا۔