پی آئی اے کو پرائیویٹ لمیٹڈ کمپنی بنانے کے بل سمیت6بلوں پر حکومت ،اپوزیشن اتفاق رائے پیدا کرنے کیلئے7رکنی کمیٹی قائم، پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس 11اپریل تک ملتوی

کمیٹی 7اپریل تک اپنی سفارشات اورترامیم پر مبنی رپورٹ پیش کرے گی، بل آئندہ ماہ ہونے والے مشترکہ اجلاس میں منظورکرائے جائیں گے

منگل 22 مارچ 2016 17:40

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔22 مارچ۔2016ء) پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس پی آئی اے کو پرائیویٹ لمیٹڈ کمپنی بنانے کے بل سمیت6بلوں پر حکومت ،اپوزیشن اتفاق رائے پیدا کرنے کیلئے11اپریل تک ملتوی، بلوں پر اتفاق رائے کے لئے اپوزیشن اور حکومتی ارکان پر مشتمل10رکنی کمیٹی 7اپریل تک اپنی سفارشات اورترامیم پر مبنی رپورٹ پیش کرے گی،جس کے بعد مشترکہ اجلاس میں بل منظورکرائے جائیں گے۔

منگل کو پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس2گھنٹے کی تاخیر سے سپیکر ایاز صادق کی زیرصدارت شروع ہوا تو تلاوت قرآن پاک ونعت رسول مقبولؐکے بعد سپیکر ایازصادق نے ایوان کو آگاہ کیا کہ اپوزیشن اور حکومت کے مذاکرات کے درمیان طے پایاہے کہ پی آئی اے بل سمیت تمام6بلوں پر مزید غورو خوص اور اتفاق رائے کے لئے انہیں موخر کردیا جائے اور انہیں ایک 10رکنی پارلیمانی کمیٹی کے لیڈر کے سپردکردیا جائے،کمیٹی7اپریل تک اپنا کام مکمل کرکے بلوں پر اتفاق رائے سے رپورٹ تیارکرے گی اور11اپریل کو پارلیمنٹ کے اجلاس میں اتفاق رائے سے بلوں کو منظور کرایا جائے گا،بعد ازاں انہوں نے وزیرخزانہ اسحاق ڈار کو اس حوالے سے دوالگ الگ تحاریک پیش کرنے کے لئے کہا،وزیرخزانہ نے پہلے پی آئی اے کو لمٹیڈ کمپنی بنانے کے بل سمیت امیگریشن ترمیمی بل2014، سول سرونٹس ترمیمی بل2014، امتناء زنابالجبر ترمیمی بل2015، فوجداری ترمیمی بل2015اورنج کاری کمیشن آرڈیننس ترمیمی بل2015کو10رکنی پارلیمانی کمیٹی کو ریفر کرنے کی تحریک پیش کی جسے ایوان نے اتفاق رائے سے منظورکرلیا۔

(جاری ہے)

بعدازاں انہوں نے ان بلوں پر غوروخوض کے لئے10رکنی پارلیمانی کمیٹی تشکیل دینے کے لئے تحریک پیش کی جسے اتفاق رائے سے منظورکرلیا گیا،اس تحریک کے ذریعے سپیکر کو یہ اختیار بھی دیا گیا کہ وہ کمیٹی کے ممبران کے ناموں میں ردوبدل یا تبدیلی کرسکیں۔ پارلیمانی کمیٹی میں سینیٹر مشاہد اﷲ خان،میر حاصل برنجو،سینیٹر سعید غنی،زاہدحامد،خرم دستگیر خان،سید نوید قمر،اسد عمر،فاروق ستار،مولانا فضل الرحمٰن اور شاہد خاقان عباسی شامل ہیں، بعد ازاں سپیکر نے پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس11اپریل تک ملتوی کردیا۔