دہشت گردی اور شدت پسندی کے خاتمے تک آپریشنز جاری رکھے جائیں گے، شمالی و جنوبی وزیرستان میں بحالی کا کام مکمل ہونے تک پاک فوج علاقے میں موجود رہے گی۔آرمی چیف جنرل راحیل شریف کا دورہ شمالی وزیرستان

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ منگل 22 مارچ 2016 18:59

دہشت گردی اور شدت پسندی کے خاتمے تک آپریشنز جاری رکھے جائیں گے، شمالی ..

راولپنڈی(ا ردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔22مارچ۔2016ء) آرمی چیف جنرل راحیل شریف کا شوال میں ضرب عضب کی آخری مرحلے پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کہ ملک بھر سے دہشت گردی اور شدت پسندی کے خاتمے تک آپریشنز جاری رکھے جائیں گے، شمالی و جنوبی وزیرستان میں بحالی کا کام مکمل ہونے تک پاک فوج علاقے میں موجود رہے گی۔آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے شمالی وزیرستان کا دورہ کیا اور پورا دن جوانوں اور قبائلی عمائدین کے درمیان گزارا۔

آرمی چیف کو جاری آپریشن ضرب عضب، نقل مکانی کرنے والوں کی گھروں کو واپسی اور متاثرہ علاقوں میں پاک فوج کی جانب سے جاری ترقیاتی کاموں پر بریفنگ دی گئی۔آرمی چیف کو بتایا گیا کہ آپریشن ضرب عضب کے آخری مرحلے میں شمالی وزیرستان کے دوردراز علاقوں کو کلیئر کرایا جا رہا ہے اور اب تک ساڑھے چھ سو مربع کلومیٹر علاقہ کلیئر کرایا جا چکا ہے۔

(جاری ہے)

آرمی چیف نے شوال میں جاری آپریشن کے آخری مرحلے کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ پورے ملک سے دہشت گردی، انتہا پسندی اور دہشتگردوں کے ٹھکانے ختم ہونے تک آپریشن جاری رہے گا۔ آرمی چیف نے سخت موسم اور مشکل گزار گھاٹیوں کے باوجود آپریشن میں حصہ لینے پر پاک فوج کے افسروں اور جوانوں کے حوصلے کی تعریف کی اور شہری علاقوں میں دہشتگردوں کے سلیپنگ سیل ختم کرنے پر انٹیلی جنس ایجنسیز کی کامیابیوں کو بھی سراہا۔

قبائلی عمائدین نے علاقے کی سیکیورٹی صورتحال میں بہتری پر خوشی کا اظہار کیا آرمی چیف نے قبائلی عمائدین سے گفتگو کرتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ نقل مکانی کرنے والوں کی گھروں کو واپسی اور بحالی کا عمل مکمل ہونے تک پاک فوج علاقے سے واپس نہیں جائے گی۔ قبائلی عمائدین نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاک فوج کی مدد سے وہ دہشت گردوں کو اپنے علاقوں میں دوبارہ گھسنے نہیں دیں گے۔

آرمی چیف نے دہشت گردوں کے زیر کنٹرول 650 کلو میٹر علاقہ کلیئر کرانے پر افسران اور جوانوں کی جرات و جذبے کو سراہا۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ آرمی چیف کو علاقے میں بحالی کے منصوبوں پر بریفنگ میں بتایا گیا کہ شمالی و جنوبی وزیرستان کے 52 فیصد ٹی ڈی پیز کی گھروں کو واپسی ہو چکی ہے۔آرمی چیف نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ آئی ڈی پی پیز کی بروقت اور با عزت واپسی یقینی بنائی جائے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق قبائلی عمائدین نے آرمی چیف سے علاقے میں معیاری تعلیمی اداروں کے قیام کی درخواست کی آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے میران شاہ میں یونس خان اسپورٹس کمپلیکس کی بنیاد بھی رکھی جسے پاک فوج کے انجینئر مکمل کریں گے۔ اس موقع پر ٹیسٹ کرکٹر یونس خان بھی آرمی چیف کے ہمراہ تھے۔ آرمی چیف نے زیر تعمیر میران شاہ بازار کا بھی دورہ کیا اور پاک فوج کے انجینئرز کے کام کی تعریف کی۔

دہشت گردی اور شدت پسندی کے خاتمے تک آپریشنز جاری رکھے جائیں گے، شمالی ..