کراچی آپریشن میں ایم کیوایم کے ساتھ کوئی ناانصافی نہیں ہو گی ، متحدہ کی کسی بھی جائز شکایت کا فوری ازالہ کیا جائیگا،جرائم پیشہ افراد کوکسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا، وزیر داخلہ چوہدری نثار علی کی ایم کیو ایم کے رہنماؤں فاروق ستار، سینیٹر عتیق اور مقبول صدیقی سے ملاقات میں گفتگو

منگل 22 مارچ 2016 21:30

کراچی آپریشن میں ایم کیوایم کے ساتھ کوئی ناانصافی نہیں ہو گی ، متحدہ ..

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔22 مارچ۔2016ء) وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے ایم کیو ایم کے رہنماؤں کویقین دلایا ہے کہ کراچی میں جاری آپریشن کے دوران ان کے ساتھ کوئی ناانصافی ہو گی نہ خلاف قانون کوئی ایکشن لیا جائے گا، ایم کیو ایم کی کسی بھی جائز شکایت کا فوری طور پر ازالہ کیا جائے گا،تاہم جرائم پیشہ افراد کوکسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا۔

منگل کو پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کے بعد ایم کیو ایم کے پارلیمانی لیڈر فاروق ستار، سینیٹر میاں عتیق الرحمان اور مقبول احمدصدیقی نے وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان سے ایوان میں ملاقات کی اورکراچی میں جاری آپریشن کے دوران کارکنان کی گرفتاریوں کا مسئلہ اٹھایا۔ ایم کیو ایم کے سینیٹر میاں عتیق نے ملاقات کے بعد صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو میں بتایا کہ وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے یقین دہانی کرائی ہے کہ متحدہ قومی موومنٹ کے ساتھ کوئی ناانصافی نہیں ہو گی اور نہ ہی خلاف قانون کوئی کام ہونے دیا جائے گا۔

(جاری ہے)

میاں عتیق نے بتایا کہ وزیر داخلہ نے واضح کیا ہے کہ کراچی میں جاری آپریشن میں متحدہ قومی موومنٹ کو نشانہ نہیں بنایا جارہا، یہ آپریشن جرائم پیشہ افراد کے خلاف ہے تاہم ایم کیو ایم کی جائز شکایات کا ازالہ کیا جائے گا۔