نکیال میں چوہدری منشی کی افسوسناک شہادت پر ہمارا دل غمگین ہے ،واقعہ کی ذمہ داری ضلعی انتظامیہ ،پولیس کی بنتی ہے،سردار سکندر حیات

بدھ 23 مارچ 2016 16:31

میرپور /کوٹلی / نکیال (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔23 مارچ۔2016ء) سابق صدرووزیراعظم آزادکشمیر سرپرست مسلم لیگ (ن )و سینئر نائب صدر پاکستان مسلم لیگ سردار سکندر حیات خان نے کہا ہے کہ نکیال میں چوہدری منشی کی افسوسناک شہادت پر ہمارا دل بھی غمگین ہے واقعہ کی تمام تر ذمہ داری ضلعی انتظامیہ اور پولیس کی بنتی ہے پولیس نے اندھا دھند شیلنگ کی جس کی وجہ سے چوہدری منشی جو وہاں سے گزر رہے تھے ہارٹ اٹیک یا دم گھٹنے خالق حقیقی سے جا ملے مسلم لیگ ن کے کارکنان کو نشانہ بنانے کی مذمت کرتے ہیں اس تمام واقعہ کی جوڈیشل انکوائری ضروری ہے چوہدری عبدالمجید اور پیپلزپارٹی نے ہمیشہ لاشوں کی سیاست کی ہے 2016کے انتخابات میں مسلم لیگ ن آزادکشمیرمیں دو تہائی اکثریت سے حکومت بنائے گی مسلم کانفرنس ٹوٹنے کی تمام تر ذمہ داری سردار عتیق احمد خان کے سر ہے یہ وہی سردار عتیق احمد خان ہے جو اپنے والد سردار عبدالقیوم خان مرحوم کی وزارت عظمیٰ کے دور میں مختلف حکم ناموں پر وزیراعظم کے جعلی دستخط کر دیا کرتا تھا جب میں نے بحیثیت صدر آزادکشمیر سردار عبدالقیوم خان مرحوم سے اس سنگین جرم پر بات کی تو انہوں نے ازراہ مذاق کہہ دیا کہ اچھی بات ہے میرا بیٹا میرے دستخط کر کے میرا کام آسان کر دیتا ہے سردار عبدالقیوم خان مرحوم کی عزت میں نے اپنے والد محترم کی طرح کی ہے لیکن اصولوں پر اختلافات ہمیشہ رہے اور اس سب کے باوجود مسلم کانفرنس متحد رہی سردار عتیق احمد خان نے مسلم کانفرنس میں آتے ہی قابض ہو کر اپنے والد مرحوم کے سب بزرگ دوستوں کو جماعت سے بے دخل کرنے کی کوشش کی مجھ پر کرپشن کا الزام چوہدری عبدالمجید کس منہ سے لگاتے ہیں میں وہ وزیراعظم ہوں کہ جس نے سردار عبدالقیوم خان اور جنرل حیات خان کے منہ چڑھے ایڈیشنل چیف سیکرٹری راجہ نیاز خان کو وزیراعظم کو رشوت دینے کے جرم پر چوبیس گھنٹے کے اندر سیکرٹری شپ سے فارغ کر دیا تھا یہ بات تاریخ کا حصہ ہے کہ راجہ نیاز خان نے مجھے دس ہزار روپے کی رشوت دینے کی حرکت کی تھی اور جو انجام ان کا کیا گیا وہ سب کے سامنے ہے میرپور ڈویلپمنٹ اتھارٹی میں مجھے دو سو پلاٹوں کا صوابدیدی کوٹہ دیا گیا تھا جو تمام کا تمام میں نے ملک منور چیئرمین ایم ڈی اے اور بریگیڈیئر دلاور خان مرحوم کو دے دیا کہ وہ مستحق لوگوں میں تقسیم کر دیں ۔

(جاری ہے)

مجھ پر پلاٹ مافیا یا ایم ڈی اے کی کرپشن کا الزام سراسر خرافات پر مبنی ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ریڈیو پاکستان ایف ایم 101میرپور اور آزادکشمیر کے پہلے قومی ٹی وی جے کے نیوز کے سینئر اینکر جنید انصاری کو خصوصی انٹر ویو دیتے ہوئے کیا ۔سردار سکندر حیات خان نے کہا کہ میری عمر 85سال ہے اور میں آج اپنی زندگی میں پہلی مرتبہ یہ انکشاف کر رہا ہوں کہ میں نے سردار عبدالقیوم خان مرحوم سے کہا تھا کہ آپ سمجھتے ہیں کہ میں آپ کے بیٹے سردار عتیق احمد خان کے خلاف ہوں میں دعا دیتا ہوں کہ اللہ میرے بیٹوں کی عمر بھی آپ کے بیٹے کو لگا دے سردار عتیق احمد خان کے غیر قانونی کاموں اور کرپشن پر ہمیشہ اعتراض کرتا رہا اور یہی اختلافات بڑھتے بڑھتے مسلم کانفرنس کے ٹوٹنے تک پہنچ گئے سردار سکندر حیات خان نے کہا کہ مجاہد اول سردار عبدالقیوم خان کی دو ترجیحات اسلام اور کشمیر تھیں ترقیاتی کام تمام کے تمام میرے ویژن اور منصوبہ بندی کی بدولت عمل میں آئے حتیٰ کہ سردار عبدالقیوم خان صاحب کے ضلع کا نوٹیفکیشن بھی میں نے کیا جس سیکرٹری نے مجھے دس ہزار روپے رشوت دینے کی کوشش کی تھی ان کی سفارشیں سردار عبدالقیوم خان اور جنرل حیات بھی کرتے رہے کیونکہ یہ احباب خود بھی کبھی کبھی رشوت لے لیا کرتے تھے اور سردار عبدالقیوم خان یہ کہا کرتے تھے کہ یہ رقم ہم اپنی ذات پر خرچ نہیں کرتے بلکہ تحریک آزادی اور دیگر رفاعی کاموں میں خرچ کرتے ہیں اس بات پر میرا ان سے شدید اختلاف تھا سردار سکندر حیات خان نے کہا کہ مسلم لیگ ن میاں محمد نواز شریف کی قیادت میں ملکی سلامتی اور ترقی کے لیے کام کر رہی ہے اور آزادکشمیر میں راجہ فاروق حیدر خان ،شاہ غلام قادر ،چوہدری طارق فاروق اور دیگر تمام احباب جماعت کو تیزی سے مستحکم کر رہے ہیں جب سردار عبدالقیوم خان صدر تھے تو اس وقت مجھ سے سمیت صرف تین وزیر پورے آزادکشمیر کا نظام حکومت چلاتے تھے آج 70سے زائد وزیروں اور مشیروں کی فوج بیس کیمپ کے قومی خزانے پر بوجھ بن کر بیٹھی ہوئی ہے چوہدری عبدالمجید ہمیشہ الزامات اور لاشوں کی سیاست کرتے رہے مسلم لیگی کارکن اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کریں ۔

سردار سکندر حیات خان نے کہا کہ چوہدری غلام عباس ،غازی الٰہی بخش ،سردار فتح محمد خان کریلوی اور ان جیسی دیگر مقدس ہستیاں آج ہم میں نہیں ہیں نئی نسل کو چاہیے کہ ان رول ماڈلز سے رہنمائی حاصل کریں ۔ارشد محمود غازی کو میرپور میں ضمنی الیکشن میں بٹھا یا گیا تو میں نے وفاقی وزرا سے کہا کہ آپ نے یہ کیا کر دیا آپ نہیں جانتے کہ یہ کتنے عظیم انسان کے بیٹے ہیں ۔سردار سکندر حیات خان نے کہا کہ ہماری حکومت بنتے ساتھ ہی ترقیاتی عمل بھی شروع ہو جائیگا اور تمام کرپشن کا کڑا احتساب کرینگے ۔

متعلقہ عنوان :