دبئی میں حاملہ خواتین کا شیشہ کیفوں میں داخلہ ممنوع قرار

نئے قوانین میں شیشہ خانوں کو رہائشی علاقوں، سکولوں اور عبادت گاہوں سے دور رکھنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے

بدھ 23 مارچ 2016 22:06

دبئی میں حاملہ خواتین کا شیشہ کیفوں میں داخلہ ممنوع قرار

دبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔23 مارچ۔2016ء) متحدہ عرب امارات کے شہر دبئی میں شیشہ کیفوں میں حاملہ خواتین کا داخلہ ممنوع قرار دیا گیا ،یہ پابندی تمام خواتین پر عائد کی گئی چاہے وہ تمباکو نوشی کا ارادہ رکھتی یا نہیں۔خلیجی اخبار کے مطابق یہ قدم ایک نئی عوامی صحت کی مہم کا حصہ ہے جس کے تحت حاملہ خواتین کو تمباکو نوشی سے پاک جگہوں تک محدود رکھنا ہے۔

اس مہم کی تشہیر کے لیے ریاست کے کیفوں کے داخلی راستوں پر دورازے کے حجم کے پوسٹرز آویزاں ہیں جہاں لوگ مخصوص قسم کے حقّہ پائپ پینے کے لیے جاتے ہیں۔اِن پوسٹروں میں تحریر عبارت میں حاملہ خواتین سے اْن کے ہونے والے بچوں کی جانب سے کہا جارہا ہے ’تمباکو نوشی آپ کی پسند ہوسکتی ہے! میری نہیں۔پوسٹروں پر یہ بھی واضح انداز میں تحریر ہے کہ 18 سال سے کم عمر اور چھوٹے بچوں کی ماؤں کا اندر داخلہ ممنوع ہے۔

(جاری ہے)

دبئی کے عوامی صحت اور تحفظ کے محکمے کے ڈائریکٹر مروان المحمود نے بتایا کہ اس پر بات چیت نہیں ہوسکتی۔‘ انھوں نے کہا کہ ماٰضی میں مینجروں نے کیفے میں خواتین کو داخل ہونے سے روکنے کے حوالے سے بے اختیار ہونے کی شکایت کی۔ان کا کہنا تھا کہ جب اس حوالے سے کوئی سرکاری قوانین موجود نہیں تھے تو خواتین اِن میں داخل ہوسکتی تھیں۔ بلکہ اْس وقت بطورِ گاہک اس احاطے میں داخل ہونا اْن کا حق تھا،نئے قوانین میں شیشہ خانوں کو رہائشی علاقوں، سکولوں اور عبادت گاہوں سے دور رکھنے کی بھی ہدایت دی گئی ہے۔