مقبوضہ کشمیر: بھارتی پولیس اہلکاروں کی سرینگر میں شہریوں کی مارپیٹ ،چار افراد زخمی

شہریوں کا پولیس کیمپ کو علاقے سے ہٹانے کا مطالبہ

جمعرات 24 مارچ 2016 13:56

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔24 مارچ۔2016ء) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی پولیس اہلکاروں نے سرینگر میں شہریوں خاص طور پر نوجوانوں کو سخت مار پیٹ کا نشانہ بنایا جسکے باعث متعدد نوجوان زخمی ہو گئے۔ میڈیا رپو رٹ کے مطابق شراب کے نشے میں دھت بھارتی سینٹرل ریزرو پولیس فوروس کے اہلکا ر بدھ کے روز شام کے وقت سرینگر کے علاقے حبہ کدل میں قائم اپنے کیمپ سے باہر نکل آئے اور شہریوں پر ٹوٹ پڑے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے راہگیروں اور دکانداروں کو سخت مار پیٹ کا نشانہ بنایا اوردکانوں کے سامان کی تور پھوڑ کے علاوہ علاقے میں کھڑی گاڑیوں کے شیشے بھی چکنا چور کر دیے۔پولیس اہلکارگھروں میں بھی گھس گئے اور خواتین اور بچوں سمیت مکینوں کو ہراساں کیا اور گھریلو اشیاء تہس نہس کیں۔ مار دھہاڑ کی اس کارروائی کے نتیجے میں چار افراد زخمی ہو گئے جن میں سے فداحسین نامی ایک نوجوان شہید زخمی ہواجسے ہسپتال منتقل کیا گیا۔ علاقے کے لوگوں نے بھارتی پولیس کی اس بہیمانہ کارروائی کے خلاف سخت احتجاج کرتے ہوئے پولیس کیمپ کو علاقے سے فوری طور پر ہٹانے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے خبر دار کیا کہ اگر کیمپ کو جلد از جلد ہٹایا نہ گیا تو وہ غیر معینہ مدت کیلئے ہڑتال شروع کر دیں گے۔