حریت رہنماؤں کابھارت میں زیر تعلیم کشمیری نوجوانوں کو ہراساں کیے جانے کی کارروائیوں پر اظہار تشویش

جمعرات 24 مارچ 2016 13:56

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔24 مارچ۔2016ء) مقبوضہ کشمیر میں حریت رہنماؤں نے بھارت میں زیر تعلیم کشمیری طلبا ء کو ہراساں کیے جانے کی کارروائیوں پر شدیدتشویش کا اظہار کیا ہے۔ میڈیارپو رٹ کے مطابق حریت رہنماؤں سید بشیر اندرابی، یاسمین راجہ، زمرودہ حبیب، مولوی بشیراحمد، فردوس احمد شاہ، شبیر احمد ڈار، محمد اقبال میر، قطب عالم اور محمد شفیع ریشی نے سرینگر میں جاری ایک مشترکہ بیان میں کہا کہ ہندو انتہا پسندوں کی طرف سے کشمیری طلباء کو ہراساں کیے جانے کے واقعات میں اضافہ ہو گیاہے جس کی وجہ سے وہ کالجوں اور یونیورسٹیوں سے اپنی تعلیم ادھوری چھوڑ کر واپس اپنے گھروں کو لوٹنے پر مجبور ہیں۔

انہوں نے کہاکہ کشمیری طلباء کے مستقبل کو جان بوجھ کر تاریک بنایا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

حریت رہنماؤں نے کہا کہ کشمیری طلباء کے ساتھ بہیمانہ سلوک کا سلسلہ بند نہ کیا گیا تو اسکے انتہائی سنگین نتائج نکلیں گے۔ انہوں نے یوم پاکستان کے حوالے سے حکومت پاکستان اور عوام کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ مملکت خداد ادا حق خود ارادیت کی جد وجہد میں کشمیریوں کی بھر پور اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے ہوئے ہے جس پر کشمیری اسکے بھر پور شکر گزار ہیں۔ حریت رہنماؤں نے پاکستان کی سلامتی اور استحکام کیلئے دعا کی۔

متعلقہ عنوان :