پولیس انتقام گیری سے کام لے رہی ہے ، سید علی گیلانی

جمعرات 24 مارچ 2016 14:02

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔24 مارچ۔2016ء) کل جماعتی حریت کانفرنس (گیلانی گروپ ) کے چیئرمین سید علی گیلانی نے تحریک حریت کے رہنما اور سابق صدر ضلع بارہمولہ عبدالغنی بٹ پر دوبارہ پی ایس اے لگانے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اس کو ریاستی دہشتگردی کی بدترین مثال قرار دیا ہے ۔

(جاری ہے)

اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ عبدالغنی بٹ جو پی ایس اے کے کالے قانون کے تحت گزشتہ ماہ سے زائد عرصہ بارہمولہ ڈسٹرکٹ جیل میں گزار چکے ہیں اور اس پر لگائے گئے تمام فرضی کیسوں میں ضمانت بھی ہوئی تھی مگر پولیس نے ان پر دوبارہ پی ایس اے لگا کر اس کی گرفتاری کو مزید طول دیا ہے انہوں نے کہا کہ عبدالغنی بٹ پر لگایا گیا پی ایس اے غیر انسانی غیر اخلاقی اور بلاجواز ہے جبکہ پولیس تحریک حریت کے کارکنوں کو انتقام گیری کا نشانہ بنا رہی ہے