باغبانوں کو نئے پودے لگاتے وقت گوبر کی کھاد ڈالنے کی ہدایت

جمعرات 24 مارچ 2016 16:25

فیصل آباد۔24 مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔24 مارچ۔2016ء )ماہرین ہارٹیکلچرنے باغبانوں کو نئے پودے لگاتے وقت گلی سڑی گوبر کی کھاد20کلوگرام فی پودا ڈالنے کی ہدایت کی ہے اور کہاہے کہ پھل دار پودوں سے بہتر پیداوار اور اچھی خاصیت کے حامل پھل کے حصول کے لیے ان کی غذائی ضروریات کو پورا کرنا بہت ضروری ہے نیزباغبانوں کو پھل دار پودوں کے لیے تمام غذائی عناصر کی اہمیت اور مناسب مقدار میں پودوں کو ان کی فراہمی کا علم ہونا بہت ضروری ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ باغبان پھلدار پودوں میں پھل کی پیداوار شروع ہونے کے بعد پانچ سال کی عمر کے پودوں میں گلی سڑی گوبر کھاد 20کلوگرام کے ساتھ یوریا ایک کلوگرام یا امونیم سلفیٹ دو کلوگرام ، سنگل سپر فاسفیٹ ڈیڑھ کلوگرام اور پوٹاشیم سلفیٹ آدھا کلوگرام فی پودا استعمال کریں ۔ انہوں نے کہاکہ باغبان چھ سے سات سال کے پودوں میں گلی سڑ ی گوبر کھاد تیس کلوگرام کے ساتھ یوریا ڈیڑھ کلوگرام یا امونیم سلفیٹ تین کلوگرام ، سنگل سپر فاسفیٹ دو کلوگرام فی پودا ڈالیں نیز10سال تک کے پودوں میں گلی سڑی گوبر کی کھاد 60کلوگرام کے علاوہ یوریا اڑھائی کلوگرام یا امونیم سلفیٹ پانچ کلوگرام ، سنگل سپر فاسیفٹ تین کلوگرام اور پوٹاشیم سلفیٹ ایک کلوگرام فی پودا استعمال کی جائے۔