گندم خریداری مہم کے دوران باردانہ کی تقسیم کی پالیسی میں مناسب ترمیم کا فیصلہ

جمعرات 24 مارچ 2016 16:28

فیصل آباد۔24 مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔24 مارچ۔2016ء )محکمہ خوراک نے اگلے ماہ اپریل میں شروع ہونے والی گندم کی خریداری مہم کے دوران نمی کی شرح میں کمی اور باردانہ کی تقسیم کی پالیسی میں مناسب ترمیم و تبدیلی کا فیصلہ کیاہے جس کے تحت گندم میں نمی کی شرح 12کی بجائے 11فیصد کرنے اور پہلے مرحلہ میں 50 کی بجائے 70فیصد ، دوسرے وتیسرے مرحلہ میں 25،25 کی بجائے 20اور 10 فیصد باردانہ فراہم کرنے کی تجویزپیش کی گئی ہے اور متعلقہ حکام سے اس ضمن میں منظوری طلب کر لی گئی ہے۔

(جاری ہے)

محکمہ خوراک کے ذرائع نے بتایاکہ محکمہ خوراک پنجاب نے کاشتکاروں ، کسانوں ، زمینداروں کی سہولت کیلئے ویٹ پروکیورمنٹ پالیسی میں مناسب ترمیم کافیصلہ کیاہے ۔ انہوں نے بتایاکہ قبل ازیں 12فیصد تک نمی کی حامل گندم بھی خرید کرلی جاتی تھی تاہم اب نمی کی آخری حد 11فیصد تجویز کی گئی ہے ۔ انہوں نے بتایاکہ باردانہ 15،15دنوں کے تین مراحل میں 45روز کے دوران جاری کرنے کی بھی تجویز پیش کی گئی ہے ۔ انہوں نے بتایاکہ اگر متعلقہ حکام کی جانب سے سمری کی منظوری دے دی گئی تو اس سے خریداری مہم کے آغاز میں ہی زیادہ سے زیادہ گندم کی خریداری ممکن ہو جائے گی۔