فیصل آباد،وزیراعلیٰ پنجاب کا100ارب روپے کسان پیکج،آگاہی بارے کسان کنونشن کاانعقاد

کنونشن تاریخی پیکج کے اہم نکات اوراس پرموئثراندازمیں عملدرآمدسے متعلق کسانوں اوردیگرسٹیک ہولڈروں کی تجاویزکے لئے ضلعی محکمہ زراعت کے زیراہتمام ایوب زرعی تحقیقاتی ادرہ میں منعقدہوا

جمعرات 24 مارچ 2016 22:54

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔24 مارچ۔2016ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمدشہبازشریف کے 100ارب روپے کے تاریخی کسان پیکج کے اہم نکات سے آگاہی اور اس پر موثرانداز میں عملدرآمد سے متعلق کسانوں اوردیگر سٹیک ہولڈرز کی تجاویزکے لئے ضلعی محکمہ زراعت کے زیر اہتمام ایوب زرعی تحقیقاتی ادارہ کے کانفرنس روم میں کسان کنونشن منعقد ہوا جس میں ارکان صوبائی اسمبلی حاجی خالد سعید،نعیم اللہ گل،قائمقام ڈی سی او اعجازخالق رزاقی،ای ڈی او زراعت چوہدری عبدالحمیدکے علاوہ محکمہ زراعت،لائیوسٹاک،اریگیشن،واٹر مینجمنٹ،فوڈ،فشریز،جنگلات کے افسران موجود تھے جبکہ کسان تنظیموں کے نمائندے،فرٹیلائزرز وپیسٹی سائیڈز کمپنیز،ایگرو انڈسٹریز ودیگر سٹیک ہولڈرزنے کسان کنونشن میں شرکت کی۔

(جاری ہے)

کسان کنونشن کے دوران پنجاب زرعی کانفرنس کے اہم نکات اور فیصلوں کے بارے میں امور زیر بحث آئے جن میں کسانوں کو عمدہ اور معیاری بیج کی فراہمی،کم لاگت سے زیادہ پیداوارکے حصول کے طریقہ کار،کاشتکاری کی جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کرنے،آبپاشی کی اصلاح،زرعی مارکیٹنگ کو بہتربنانے،زرعی اجناس کی برآمد،لائیوسٹاک کی ترقی،زرعی انڈسٹری میں جدت،سیلاب سے بچاؤ،کوآپریٹو فارمنگ کی حوصلہ افزائی ودیگر امور شامل ہیں۔

ارکان صوبائی اسمبلی حاجی خالد سعید اور نعیم اللہ گل نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب محمدشہبازشریف کی طرف سے 100ارب روپے کسان پیکج سے زراعت کی ترقی،فی ایکڑ پیداوار میں اضافے،کسانوں کی فلاح وبہبود اور خوشحالی ممکن ہوگی۔انہوں نے کہا کہ زراعت صحیح معنوں میں قومی معیشت کے لئے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے اور زراعت کا فروغ وزیر اعلیٰ محمدشہبازشریف کا مشن ہے ۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے زرعی شعبہ کی بہتری اور کسانوں کی ترقی کے لئے ٹھوس اقدامات کئے ہیں اور آئندہ بھی اس شعبہ کی بہتری کے لئے اقدامات جاری رہیں گے۔انہوں نے کسانوں سے کہا کہ وہ وزیراعلیٰ پنجاب کے کسان پیکج سے بھرپور فائدہ اٹھائیں تاکہ زراعت کا شعبہ مزید مضبوط ہو۔قائمقام ڈی سی اواعجازخالق رزاقی نے کہا کہ کسان کنونشن کے انعقاد کا مقصد کاشتکاروں اورسٹیک ہولڈرز کی تجاویز اور سفارشات حاصل کرکے حکومت پنجاب کو آگاہ کرنا ہے تاکہ ٹھوس زرعی پالیسی مرتب ہوسکے۔

ای ڈی او زراعت چوہدری عبدالحمید نے کسان پیکج کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ کسان پیکج کی کامیابی کے لئے حقیقی سٹیک ہولڈرز اور کسانوں کی مشاورت کو یقینی بنایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ محکمہ زراعت کسانوں کی بہتری اور زرعی پیداوار میں اضافے کے لئے ہرممکن اقدامات کررہا ہے۔کنونشن کے دوران کسانوں نے وزیراعلیٰ پنجاب کے مثالی کسان پیکج کا خیر مقدم کرتے ہوئے اس پر جامع انداز میں عملدرآمد کے لئے بعض تجاویز اور آراء پیش کیں۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب محمدشہبازشریف کے 100ارب روپے کے کسان پیکج کے مثبت نتائج سامنے آئیں گے اور زرعی پیداوار میں بھی اضافہ ہوگا۔