اسکول فیسوں میں اضافے پر پابندی کاخیر مقدم کرتے ہیں،کاشف صابرانی

جمعہ 25 مارچ 2016 22:35

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔25 مارچ۔2016ء) پیرنٹس ایکشن کمیٹی کے چیئرمین محمدکاشف صابرانی نے محکمہ ء تعلیم سندھ کا شکریہ اداکرتے ہوئے کہاہے کہ ہم محکمہء تعلیم کے بے حد شکرگزارہیں جنہوں نے ہماری درخواست پر پرائیویٹ اسکولوں میں من مانی فیسیں وصول کئے جانے پر نوٹس لیتے ہوئے اسکول کی فیسوں میں اضافے پر سخت پابندی عائدکردی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے امیدظاہر کی ہے کہ اس سال اسکول کی فیسوں میں اضافے پر پابندی عائد کرنے کے بعد سندھ حکومت فیسیں کم کرنے میں بھی اپنااہم کرداراداکرے گی، کیونکہ بھاری فیسیں ناخواندگی میں اضافے کا سبب ہیں،شہر کی ایک بڑی آبادی انتہائی کسمپرسی کے عالم میں زندگی گزاررہی ہے جس کے باعث بچوں کو پڑھاناتو دورکی بات وہ آسانی سے اپناپیٹ بھی نہیں پال سکتے،جبکہ بیشترپرائیویٹ اسکول مالکان اسکول میں تعلیم دینے کے بجائے کاروبارچلارہے ہیں جس کے تحت طرح طرح کی فیسیں ایجاد کرکے بچوں کو لانے کے لئے مجبورکیاجاتاہے،جووالدین کی جیب پر اضافی بوجھ ہے جسے کسی صورت وہ برداشت نہیں کرسکتے اور یہی وجہ ہے کہ باالآخرمجبورہوکر وہ اپنے بچوں کو اسکول سے اٹھالیتے ہیں جو بعد میں کمسنی کے باوجودمحنت مزدوری کرتے نظرآتے ہیں یا غیر اخلاقی وغیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث پائے جاتے ہیں، حکومت کو اس جانب بھی توجہ دینی ہوگی اور سب سے بڑھ کر اپنے بنائے ہوئے قوانین پر عملدرآمد بھی کرواناہوگا کیونکہ اسکول مالکان رشوت دے کر سروے ٹیموں کو اپنے حق میں رپورٹ بنواکر قانون کا مذاق اڑاسکتے ہیں،انہوں نے کہاکہ اسکول فیسوں میں اضافے پر پابندی کاخیر مقدم کرتے ہیں اورمحکمہء تعلیم کے بے حد شکرگزارہیں جنہوں نے ہماری درخواست پر پرائیویٹ اسکولوں میں من مانی فیسیں وصول کئے جانے پر نوٹس لیا،انہوں نے کہاکہ حقیقت یہی ہے کہ بھاری فیسیں ناخواندگی میں اضافے کا سبب ہیں،حکومت کا اس جانب توجہ دیناخوش آئند ہے،محکمہء تعلیم احکامات پر عملدرآمد کو یقینی بنائے۔