آزاد خطہ کو ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کرنے کے لئے خواتین کو قومی دھارے میں شامل کیا جائے گا

خواتین کو نظر انداز کر کے ترقی کی منازل حاصل نہیں کی جا سکتیں، بیرسٹرسلطان محمود چوہدری

ہفتہ 26 مارچ 2016 14:31

اسلام آباد ۔ 26 مارچ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔26 مارچ۔2016ء) پاکستان تحریک انصاف آزاد کشمیر کے صدر وسابق وزیر اعظم آزادکشمیر بیرسٹرسلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ آزاد خطہ کو ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کرنے کے لئے خواتین کو قومی دھارے میں شامل کیا جائے گا ، خواتین آبادی کے نصف ہیں انہیں نظر انداز کر کے ترقی کی منازل حاصل نہیں کی جا سکتیں ۔

تعلیم یافتہ خواتین کو زندگی کے ہر شعبہ میں خدمت کے مواقع مہیا کئے جائیں گے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکزی سیکرٹریٹ میں پی ٹی آئی آزادکشمیر کی مرکزی سیکرٹری اطلاعات شازیہ کیانی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ تبدیلی پی ٹی آئی کامشن ہے اور معاشرے میں خواتین کے فعال سیاسی کردار کے بغیر تبدیلی ممکن نہیں ۔

(جاری ہے)

حقیقی تبدیلی کا خواب شرمندہ تعبیر کرنے کے لئے خواتین اپنے حصہ کی ذمہ داریاں پوری کریں ۔

انہوں نے کہاکہ آج بھی خواتین کو وہ مقام حاصل نہیں جس کی وہ حقدار ہیں۔ خواتین کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کرنے، معاشرے میں برابری کے حقوق دینے اور قومی دھارے میں شامل کرنے کے لئے ایک جامع منصوبہ کی ضرورت ہے۔ خواتین کے حقوق کے نام پر بل تو منظور کرائے جا رہے ہیں لیکن ان پر اس طرح عمل درآمد نہیں ہو رہا ہے۔پی ٹی آئی انتخابی منشور میں خواتین کے لئے جامع پروگرام پیش کرے گی ۔ خواتین کو معاشی ترقی کے قابل بنانے کیلئے قابل عمل ،بامقصد اور حقیقت پسندانہ روڈ میپ تیار کیا جائے گا جس پر عمل کر کے ہم ریاست کی تیز رفتارترقی کو یقینی بنا سکیں گے۔