پیپلزپارٹی کا موجودہ دور حکومت تاریخی ،مثالی دور حکومت ہے ،چوہدری عبدالمجید

ہفتہ 26 مارچ 2016 16:21

میرپور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔26 مارچ۔2016ء) وزیر اعظم آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر چوہدری عبدالمجید نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی کا موجودہ دور حکومت تاریخی اور مثالی دور حکومت ہے ۔ہم نے غریب عوام کی فلاح وبہبود کے لیے جو کچھ کیا وہ کسی پر احسان نہیں بلکہ حق حکمرانی ادا کیا ہے۔آزادکشمیر میں تعمیر وترقی اور عوامی فلاح وبہبود کے میگا پراجیکٹس سے بلاتخصیص برادری اور علاقہ کے غریب لوگ مستفید ہورہے ہیں ۔

برادریوں ،علاقوں اور قبیلوں کے نام پر سیاست کرنے والوں کی سیاست دفن ہوگئی ہے اب وہ اقتدار حاصل کرنے کے لیے مصنوعی سہارے تلاش کر رہے ہیں ۔اقتدار بیساکھیوں کے سہارے نہیں بلکہ عوام کے ووٹ کی طاقت اور رائے سے ملتا ہے آمدہ الیکشن میں کشمیری عوام پیپلزپارٹی کو ہی بھاری مینڈیٹ دیں گے چونکہ گزشتہ انتخابات میں پیپلزپارٹی کو ملنے والے عوامی مینڈیٹ کے باعث ہی ہم نے آزاد خطہ کے اندر جتنی تعمیر وترقی کی ہے اس کی مثال نہیں دی جاسکتی انھوں نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری پیپلزپارٹی کی انتخابی مہم میں شریک ہوں گے ۔

(جاری ہے)

وفاقی وزراء کی طرف سے کسی کو دھونس دھاندلی نہیں کرنے دیں گے ۔ (ن) لیگ کے غبارے قبل از وقت پھٹنا شروع ہو گے ہیں اور ان کی کشتی ہچکولے کھار ہی ہے ۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے مقامی ریسٹ ہاؤس میں پیپلزپارٹی کے کارکنان ،عوام علاقہ وفود سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر وزیر اعظم کے میڈیا ایڈوائزر چوہدری یاسر ممتاز ،پارٹی کے ضلعی صدر چوہدری مشتاق احمد ،پیپلزپارٹی کے مرکزی راہنما چوہدری ندیم روپیال ،سابق کونسلر چوہدری سوار خان ،ایڈمنسٹریٹر چوہدری خالد حسین ،چوہدری حبیب اللہ خان،وزیر اعظم کے سٹاف آفیسر چوہدری محمود علی کے علاوہ دیگر افراد بھی موجود تھے ۔

وزیر اعظم آزادکشمیر چوہدری عبدالمجید نے کہا کہ آمدہ الیکشن میں آزادکشمیر بھر میں امن وامان کو بحال رکھا جائے گا کسی بھی جماعت کو افراتفری اور نمبرداری کی اجازت نہیں دیں گے ۔ووٹ کے تقدس کو پامال نہیں ہونے دیں گے اور عوامی حقوق کا بھرپور تحفظ کریں گے ۔انھوں نے کہاکہ پیپلزپارٹی کی حکومت نے پہلی بار نئی ووٹر لسٹوں کی تیاری شناختی کارڈ نمبر اور مستقل پتہ پر درج کرنے کے لیے اسمبلی میں قانون سازی کی ہے اور انتخابی ضابطہ کو بھی قانون کا حصہ بنایا ہے جس کی خلاف ورزی کی صورت میں سزا بھی ہو گی ۔

انھوں نے کہاکہ وفاق میں مسلم لیگ (ن)کی حکومت کے باعث لیگی افراد عوام میں یہ تاثر دینے کی کوشش کر رہے ہیں کہ آئندہ ان کی حکومت ہوگی ایسا کبھی بھی نہیں ہوگا حکومت وہ ہی بنائے گا جس کو عوام مینڈیٹ دیں گے ۔وزیر اعظم نے کہا کہ (ن) لیگ ووٹ کی بجائے دھونس دھاندلی سے اقتدار کے خواہشمند ہ ہے ۔خواہشوں پر کوئی پابندی نہیں ہے دن کو خوا ب دیکھنے والوں کی کوئی تعبیر نہیں ہوتی ۔

قبل ازیں وزیر اعظم نے مقبوضہ کشمیر میں حریت راہنما سید شبیر شاہ سمیت دیگر حریت قیادت کی نظر بندی کی مذمت کرتے ہوئے عالمی حقوق کی تنظیموں سے مطالبہ کیاکہ وہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیوں اور کشمیریوں کی نسل کشی کو بند کروائیں ۔بھارت کالے قوانین کے ذریعے بے گناہ کشمیریوں پر نہتے مظالم ڈھا رہا ہے جس پر اقوام متحدہ سمیت عالمی امن کی علمبردار وں کو بھارت کی طرف سے کشمیریوں پر ڈھائے جانے والے مظالم کو روکنا ہوگا انھوں نے کہاکہ بھارت نے طاقت کے تمام حربے استعمال کرکے دیکھ لیے لیکن وہ کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو سرد نہیں کر سکا انھوں نے اقوام متحدہ سمیت عالمی طاقتوں سے مطالبہ کیاکہ وہ مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے بھارت پر دباؤ ڈالیں تاکہ کشمیریوں کو ان کا پیدائشی حق حق خودارادیت مل سکے ۔

متعلقہ عنوان :