عدن میں یکے بعدیگرے تین خودکش حملے، 22 افراد ہلاک

دو کار بم دھماکے الشعب کالونی میں المنصورہ کے مقام پر،تیسرا ایمبولینس میں نصب دھماکہ خیز مواپھٹنے سے ہوا،دعش نے ذمہ داری قبول کرلی

ہفتہ 26 مارچ 2016 17:53

عدن میں یکے بعدیگرے تین خودکش حملے، 22 افراد ہلاک

عدن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔26 مارچ۔2016ء)یمن کے جنوبی علاقے اور موجودہ حکومت کے عبوری دارالحکومت عدن میں بارود سے بھری کاروں کے ذریعے کیے گئے تین خودکش حملوں میں کم سے کم 22 افراد جاں بحق ہوگئے ۔ دہشت گردوں نے یہ حملے سیکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹوں پر کیے ہیں جس کے نتیجے میں چیک پوسٹوں کو بھی بری طرح نقصان پہنچا ہے۔

(جاری ہے)

عرب ٹی وی کے مطابق دو کار بم دھماکے عدن کے مغربی علاقے الشعب کالونی میں ہوئے جبکہ تیسرا المنصورہ کے مقام پر ایمبولینس میں نصب دھماکہ خیز مواد دھماکے سے پھٹ گیا۔

دوسری جانب شدت پسند تنظیم دولت اسلامی’’داعش‘‘ نے عدن میں ہونے والی دہشت گردی کی تازہ کارروائیوں کی ذمہ داری قبول کی ہے۔ داعش کی ترجمان خبر رساں ایجنسی کے مطابق ان بم دھماکوں میں کم سے کم 27 افراد ہلاک ہوئے ۔خیال رہے کہ عدن کا یہ علاقہ یمنی حکومت نے سعودی عرب اور دوسرے عرب اتحادیوں کی مساعی کے بعد باغیوں سے واپس لینے کے بعد حکومت کا عبوری دارالحکومت قرار دیا تھا تاہم گذشتہ کچھ عرصے سے ایک ملین آبادی والے علاقے، عدن میں مسلسل بم دھماکے بھی ہوتے رہے ہیں۔