Live Updates

عہدوں پر انتخاب کے معاملے پر عمران خان سے اختلاف ،چیف الیکشن کمشنر ،ممبر سائمن شرف ،سندھ اور پنجاب کے صوبائی الیکشن کمشنرز مستعفی

عمران خان نے استعفے منظور کر لئے ،نعمان وزیر عبوری چیف الیکشن کمشنر مقرر،31مارچ تک نئے الیکشن کمشنر کے نام کے اعلان کیا جائیگا انٹرا پارٹی انتخابات معمول کے مطابق ہونگے ،انتخابات کی نوعیت اور اقسام طے کرنا الیکشن کمیشن کا اختیار نہیں‘ ترجمان پی ٹی آئی

ہفتہ 26 مارچ 2016 20:48

عہدوں پر انتخاب کے معاملے پر عمران خان سے اختلاف ،چیف الیکشن کمشنر ..

اسلام آباد/لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔26 مارچ۔2016ء) تحریک انصاف کے چیف الیکشن کمشنر تسنیم نورانی نے مختلف عہدوں پر انتخاب کے معاملے پر تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کی پالیسی سے اختلاف کرتے ہوئے استعفیٰ دیدیا ،مرکزی الیکشن کمیشن کے ممبربریگیڈئیر (ر)سائمن شرف سمیت پنجاب اور سندھ کے صوبائی الیکشن کمشنرز بھی مستعفی ہو گئے ، عمران خان نے تمام استعفے منظور کرتے ہوئے نعمان وزیر کو عبوری چیف الیکشن کمشنر مقرر کرتے ہوئے کہا ہے کہ پارٹی انتخابات معمول کے مطابق ہوں گے ۔

ذرائع کے مطابق تحریک انصاف کے انٹرا پارٹی انتخابات کیلئے چیف الیکشن کمشنر تسنیم نورانی نے عمران خان سے ملاقات کرکے مختلف عہدوں پر انتخاب کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا تھا تاہم پی ٹی آئی کے سربراہ نے اسے مسترد کرتے ہوئے واضح کہا تھاکہ تنظیمی انتخابات اوررکنیت سازی کے حوالے سے پالیسی طے کرنا پارٹی قیادت کا مینڈیٹ ہے او رپارٹی کا الیکشن کمیشن اس حوالے سے کوئی پالیسی وضع نہیں کر سکتا ۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق تسنیم نورانی نے صدر کے علاوہ مزید پانچ ایگزیکٹو کے انتخاب کی تجویز دی تھی جسے عمران خان نے مسترد کر دیا تھا۔ ذرائع کے مطابق تسنیم نورانی نے گزشتہ روز الیکشن کمشن کے ممبران اور صوبائی الیکشن کمشنرز سے مشاورت کے بعد اپنا استعفیٰ عمران خان کو بھجوا دیا ۔ دوسری طرف مرکزی الیکشن کمیشن کے ممبربریگیڈئیر( ر)سائمن شرف ،پنجاب کے صوبائی الیکشن کمشنر کیپٹن (ر)اعجاز منہاس اور سندھ کے صوبائی الیکشن کمشنر فیروز خان نے بھی اپنے استعفے قیادت کو ارسال کئے ۔

تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے تمام استعفے منظور کرتے ہوئے کہا ہے کہ انٹرا پارٹی انتخابات معمول کے مطابق ہوں گے ۔ عمران خان کا کہنا ہے کہ 31مارچ تک نئے چیف الیکشن کمشنر کے تقرر کا فیصلہ کر لیا جائے گا جبکہ نعمان وزیر کو عبوری طور پر چیف الیکشن کمشنر کے فرائض سونپ دئیے گئے ہیں۔ تحریک انصاف کے ترجمان کے مطابق قیادت نے ہمیشہ الیکشن کمیشن کے مینڈیٹ کا احترام کرتے ہوئے کسی قسم کی مداخلت سے مکمل گریز کیا ہے ۔

انتخابات کی نوعیت اور اقسام طے کرنا الیکشن کمیشن کا اختیار نہیں۔ تمام تر اختلافات کے باوجود الیکشن کمیشن کو 31مارچ تک چیئرمین اور انتخابی رابطہ کمیٹی سے ملاقات میں انتخابی ٹیکنیکلٹیز کی وضاحت کا موقع دینے پر اتفاق کیا گیا تھا تاہم چیف الیکشن کمشنر اور الیکشن کمیشن کے بعض اراکین کا اس ملاقات سے قبل مستعفی ہونے کا فیصلہ افسوسناک ہے۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات