پھولوں سے محبت کرنے والے شفاف جذبوں کے امین ہوتے ہیں‘ڈاکٹر محمد امجد ثاقب

اتوار 27 مارچ 2016 23:12

فیصل آباد۔27 مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔27 مارچ۔2016ء ) پھولوں سے محبت کرنے والے ہمیشہ جوان اور شفاف جذبوں کے امین ہوتے ہیں اور پھولوں کی نمائش خوبصورت اور دلکش نظاروں کی عکاسی کے ساتھ قدرت کی نعمتوں کا اقرار بھی ہے۔یہ بات انچارج اخوت ڈاکٹر محمد امجد ثاقب نے گارڈنز کلب اور مدنی ڈویلپرز کے اشتراک سے ٹیکنیکل ہائی سکول میں رنگ بہاراں 2016 کے اختتام پر شریک کلبز میں شیلڈرز تقسیم کرتے ہوئے کہی۔

چیف ایگزیکٹو ماڈل سٹی جاوید بھٹی‘ چیئرمین عارف حسین چیمہ‘کنونیئر راحیل سلطان‘صدر حامد فیاض اور شائقین گل کی بڑی تعداد اس موقع پر موجودتھی۔ڈاکٹر محمد امجد ثاقب نے کہا کہ پھول، سیرگاہیں اورماحولیاتی خوبصورتی معاشرے میں بڑھتی ہوئی عدم برداشت اور نفسیاتی الجھنوں کو کم کرنے میں مددگار ہوتے ہیں ۔

(جاری ہے)

اس سلسلے میں گارڈنز کلب کی طرف سے نمائش کا انعقاد قابل ستائش ہے۔

۔چیف ایگزیکٹو ماڈل سٹی جاوید بھٹی نے کہا کہ نمائش کے انعقاد کی بدولت شائقین گل کو قدرت کے انمول شاہکار اور رنگوں کو دیکھنے کے مواقع ملے۔انہوں نے کہا کہ پھولوں کی نمائش لوگوں میں قدرت کی رعنائیوں سے پیار،پروان چڑھانے کے علاوہ ماحولیاتی حسن میں بھی اضافہ کا باعث ہے۔انہوں نے اچھوتے انداز میں فلاور فلوٹس کی تیاری کے فن اور جذبے کو سراہتے ہوئے جاذب نظر اوردلکش نمائش کے انعقادکے سلسلے میں منتظمین کی کاوشوں کو سراہا۔

صدرگارڈنز کلب حامد فیاض خاں نے بتایا کہ مختلف اقسام کے پھولوں کی نمائش میں اداروں نے بھرپور حصہ لیا جو ان کی پھولوں سے محبت کا ثبوت ہے۔کنوینئر راحیل سلطان نے بتایا کہ نمائش ہر سال باقاعدگی سے منعقد کی جاتی ہے جس سے عوام کو قدرت کے شاہکار پھولوں کو دیکھنے کے مواقعوں کے علاوہ بہترین تفریح ومسرت بھی میسرآتی ہے۔نمائش کے اختتام پرپھولوں کی تیاری میں حصہ لینے والی نرسریز اور منتظمین میں شیلڈ بھی تقسیم کی گئیں۔

متعلقہ عنوان :