فاروق ستار سمیت ایم کیوایم کے 6رہنماؤں کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کیلئے لاہور ہائی کورٹ میں درخواست دائر

پیر 28 مارچ 2016 22:53

فاروق ستار سمیت ایم کیوایم کے 6رہنماؤں کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی ..

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔28 مارچ۔2016ء) ایم کیوایم کے ڈاکٹر فاروق ستار سمیت ایم کیوایم کے 6راہنماؤں کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کے لئے لاہور ہائی کورٹ میں درخواست دائر کردی گئی۔یہ درخواست مقامی وکیل عبداﷲ ملک نے اظہر صدیق ایڈووکیٹ کی وساطت سے دائر کی ہے جس میں ایم کیو ایم کے ارکان قومی اسمبلی فاروق ستار ،سلمان بلوچ ،سینیٹر عتیق الرحمن ،رکن سندھ اسمبلی خواجہ اظہار الحسن،رابطہ کمیٹی کے ممبران وسیم عباس اور آفتاب احمد کو فریق بنایا گیا ہے۔

(جاری ہے)

درخواست میں کہا گیا ہے کہ 7ستمبر 2015کو لاہور ہائی کورٹ نے ایم کیوایم کے قائد الطاف حسین کی میڈیا کوریج پر پابندی کا عبوری حکم جاری کیا تھا جس کے تحت الیکٹرانک اور پرنٹ میڈیا کو الطاف حسین کی تقاریر اور تصویریں نشراورشائع کرنے سے روک دیا گیا تھا،اس عدالتی حکم کے خلاف مدعا علیہان نے ہڑتالیں اورمظاہرے کئے ،علاوہ ازیں ان لوگوں نے مختلف ٹی وی مذاکرات میں اس عدالتی فیصلے کو تنقید کا نشانہ بنایا ،ان کا یہ اقدام توہین عدالت کے زمرہ میں آتا ہے ،درخواست میں فاروق ستار سمیت تمام مدعا علیہان کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی عمل میں لانے کی استدعا کی گئی ہے۔