زیادہ سے زیادہ افراد خاص طور پرنوجوانوں کو تنظیم کا رکن بنایا جائے‘سید علی گیلانی

منگل 29 مارچ 2016 13:42

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔29 مارچ۔2016ء) مقبوضہ کشمیرمیں کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی نے تحریک حریت جموں وکشمیر کو جدوجہد آزادی کشمیرمیں واضح موقف رکھنے والی سب سے منظم اور مضبوط تنظیم قراردیتے ہوئے اسکے مرکزی اور ضلعی عہدے داروں کو تنظیم کو بنیادی سطح پر مضبوط کرنے کیلئے ممبر شپ مہم چلانے کی ہدایت کی ہے ۔

کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق جموں وکشمیر تحریک حریت کے سربراہ سید علی گیلانی نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں تنظیم کے عہدیداروں کو اپریل کے مہینے کے پہلے 15 روز ممبر شپ مہم کیلئے مخصوص کرنے کی ہدایت کی تاکہ زیادہ سے زیادہ افراد خاص طور پرنوجوانوں کو اس تنظیم کا رکن بنایا جائے اور ان کی تربیت کے علاوہ انہیں مسئلہ کشمیر کے تاریخی پس منظر اور پیش منظر سے آگاہ کیا جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ تحریک حریت مقبوضہ علاقے کے طول وعرض میں پھیلی ایک مضبوط پارٹی ہے، البتہ اس کو مزید وسعت دینا اور فعال بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے کہاکہ تحریک حریت کو 2004ء میں قائم کیاگیا تھا جب کشمیری قوم کی جدوجہد آزادی میں ایک اہم موڑ آیا اور اس کا مستقبل غیر یقینی اور مخدوش نظر آنے لگا تھا۔ سیدعلی گیلانی نے کہاکہ اس سلسلے میں تحریک اسلامی کا نصف صدی کا کام بہت معاون ثابت ہوا اور تحریک حریت بنانے میں اس انقلابی فکر نے ہماری مدد کی، جس کا تحریک اسلامی نے کشمیر میں بیج بویا تھا۔

اسلامی فکر سے آراستہ یہی نئی نسل تحریک حریت کا سرمایہ ہے اور یہ تنظیم کشمیر کے ہر کونے اور ہر بستی تک پھیل گئی ہے۔ انہوں نے کہاکہ بھارتی حکومت اور اسکی کٹھ پتلی انتظامیہ اگرچہ روزاول سے ہی تحریک حریت کے پیچھے پڑی ہے اور اس سے وابستہ رہنماؤں اور کارکنوں کو انتقامی کارروائی کا نشانہ بنایا جارہا ہے تاہم یہ تنظیم عزم و حوصلے کے ساتھ آگے بڑھ رہی ہے اور اسکے تجربہ کار اور تربیت یافتہ قائدین اور کارکن چٹان کی طرح اپنے موقف پر قائم ہیں۔ حریت چیئرمین نے اعتماد ظاہر کیاکہ تحریک حریت کی موجودگی میں کسی بھی مرحلے پر قیادت کا بحران پیدا نہیں ہوگا اورکشمیریوں کی تحریک آزادی کو مقصد کے حصول تک ہر قیمت پر جاری رکھا جائیگا ۔

متعلقہ عنوان :