بھارت فوج کا ضلع بڈگام میں مشکوک سروے‘ مقامی افراد کو تشویش لاحق

راشٹریہ رائفلز کے اہلکاروں نے 23 مارچ کو گھرگھر سروے کے دوران لوگوں کی تفصیلات اکٹھی کیں اور ہر گھر کو ایک نمبر الاٹ کیا فوج مقامی انتظامیہ کی اجازت کے بغیر کسی بھی قسم کا سروے نہیں کر سکتی‘ سابق ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل وشال شرما

منگل 29 مارچ 2016 13:43

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔29 مارچ۔2016ء) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج ضلع بڈگام میں ایک مشکوک سروے کررہی ہے جس پر مقامی افراد میں شدید تشویش لاحق ہے ۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارتی فوج کی راشٹریہ رائفلز کے اہلکار ضلع بڈگام کی تحصیل بھگت کانی پورہ کے علاقے مسلم آباد میں گھر گھر جا کر سروے کر رہے ہیں۔ اس سروے کے بارے میں پولیس اور سول انتظامیہ کو بھی آگاہ نہیں کیاگیا ہے۔

مسلم آباد کے رہائشیوں نے میڈیا کو بتایا ہے کہ راشٹریہ رائفلز کے اہلکاروں نے 23 مارچ کو گھرگھر سروے کے دوران لوگوں کی تفصیلات اکٹھی کیں اور ہر گھر کو ایک نمبر الاٹ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ فوجی گھروں کے مکینوں ،انکے نام ، فون نمبر اور پیشے کے بارے میں معلومات اکٹھی کررہے ہیں۔

(جاری ہے)

ایک شہری نے اپنا نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ علاقے کے لوگوں کو فوج کے اس مشکوک سروے پر شدید تشویش لاحق ہے ۔

مقامی افراد نے بتایا کہ فوجی سروے کرنے کے بعد گھروں کی دیواروں یا دروازوں پر نمبر لگا رہے ہیں۔ڈپٹی کمشنر بڈگام الطاف میرنے کہاہے کہ فوج نے سول انتظامیہ کی اجازت کے بغیر سروے کیاہے ۔ معروف وکیل اور سابق ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل وشال شرما نے کہاکہ فوج مقامی انتظامیہ کی اجازت کے بغیر کسی بھی قسم کا سروے نہیں کر سکتی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ فوج کو سروے سے قبل ضلعی انتظامیہ سے اجازت لیناضروری ہے۔

متعلقہ عنوان :