ہمارے ضمنی الیکشن کے امیدواروں اور کارکنان کو سیکورٹی فراہم کی جائے،فردوس نقوی

منگل 29 مارچ 2016 23:48

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔29 مارچ۔2016ء) پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنمافردوس شمیم نقوی نے کہا ہے کہ ہمارے ضمنی الیکشن کے امیدواروں اور کارکنان کو سیکورٹی فراہم کی جائے۔ ہمارے امیدواروں کو نامعلوم افراد کی جانب سے سنگین نتائج کی دھمکیاں دی جا رہی ہیں۔ ایسے حالات میں ہمیں الیکشن مہم چلانے کے لئے مشکلات کا سامنا ہے۔

کراچی میں ہونے والے ضمنی انتخابات کو رکوانے کے لئے ملک دشمن عناصر شہر کے حالات خراب کرنا چاہتے ہیں ۔ ہم الیکشن کمیشن آف پاکستان سے مطالبہ کرتے ہیں کہ ضمنی انتخابات کے روز بوتھ کے اندر اور باہر آرمی یا رینجرز کے جوانوں کو تعینا ت کیا جائے ،تاکہ جعلی ووٹ کا استعمال نہ ہو سکے اور شہری بلا خوف و خطر اپنا حق رائے دہی استعمال کر سکیں،وہ منگل کو تحریک انصاف کراچی کے مرکز”انصاف ہاؤس “ نرسری پر ایک اہم پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے، اس موقع پر ان کے ہمراہ سابق سینیٹر ہمایوں مندوخیل، حلقہ این اے 245کے امیدوار امجد اللہ خان، حلقہ پی ایس115کے امیدوار امجد آصف جاہ ،میڈیا کوآرڈینیٹر دوا خان صابر، بلال غفار، راجہ اظہر خان اور دیگر بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

فردوس نقوی نے مزید کہا کہ حال ہی میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات میں کئی پولنگ اسٹیشنز میں جعلی پریزائیڈنگ آفیسرز پکڑے گئے تھے۔ ہم نے الیکشن کمیشن سے ضمنی انتخابات میں تعینات ہونے والے پریزائیڈنگ آفیسر کی لسٹ مانگی تو الیکشن کمیشن نے لسٹ دینے سے انکار کر دیا۔ہم الیکشن کمیشن سے مطالبہ کرتے ہیں کہ ہمیں پریزائیڈنگ آفیسر ز کی لسٹ فراہم کی جائے کیونکہ پریزائیڈنگ آفیسرز اور انتخابی عملے کا غیر جانبدار ہونا ضروری ہے ورنہ الیکشن دھاندلی کا شکار ہو جائیں گے۔

ماضی میں بھی جعلی پریزائیڈنگ آفیسرز کے ذریعے دھاندلی کروائی جاتی رہی ہے۔فردوس شمیم نقوی نے مزید کہا کہ ہم الیکشن کمیشن سے یہ بھی مطالبہ کرتے ہیں کہ عام دنوں میں ووٹر ٹرن آؤٹ بہت کم ہوتا ہے اس لئے انتخابات جمعرات کے بجائے چھٹی والے دن یعنی اتوار کو کروائے جائیں تاکہ زیادہ سے زیادہ عوام اپنی حق رائے دہی استعمال کر سکیں۔ اس موقع پر حلقہ این اے 245کے نامزد امیدوار امجد اللہ خان نے کہا کہ تحریک انصاف کے انتخابی کیمپس اور دفاتر کی سیکورٹی یقینی بنائی جائے اور الیکشن کے لئے پر امن ماحول فراہم کرنا حکومت کے ساتھ ساتھ الیکشن کمیشن کی بھی ذمہ داری ہے ۔

حلقہ پی ایس 115کے نامزد امیدوار امجد آصف جاہ نے کہا کہ کراچی کے شہری اور خصوصاً 115کے عوام ماضی میں کراچی سے منتخب ہونے والے لوگوں کو اچھی طرح پہچان چکے ہیں، انشاء اللہ الیکشن کی شام کو دونوں ضمنی حلقوں میں جیت تحریک انصاف کی ہوگی ۔تحریک انصاف ہی کراچی کا مستقبل ہے۔

متعلقہ عنوان :