این اے 245کے ضمنی الیکشن میں نامزد ایم کیوایم کے حق پرست امیدوار محمد کمال کی انتخابی مہم جاری

منگل 29 مارچ 2016 23:48

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔29 مارچ۔2016ء) این اے 245کے ضمنی الیکشن میں نامزد ایم کیوایم کے حق پرست امیدوار محمد کمال کی انتخابی مہم جاری ہے ۔ انتخابی مہم کے سلسلے میں گھر گھر عوامی رابطہ مہم جاری ہے، جبکہ مختلف علاقوں میں کارنر میٹنگوں کے انعقادکا سلسلہ بھی جاری ہے ۔ گزشتہ روز انتخابی مہم کے سلسلے میں ناظم آباد گلبہار ٹاؤن کی یوسی 47پاپوش نگر کی بستی موسیٰ نگر ، یوسی 17، یوسی 16ماریہ اپارٹمنٹ ، یوسی 18قادری مارکیٹ بلاک A، یوسی 21واحد کالونی بلاک B، یوسی 22آرٹی پلازہ بلاک Lمیں کارنر میٹنگوں کا انعقاد کیا گیا جن سے ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی کی رکن محترمہ ذرین مجید ، حق پرست ارکان قومی اسمبلی سلمان مجاہد بلوچ ، محبوب عالم ، آصف حسنین ، شیخ صلاح الدین ، حق پرست ارکان سندھ اسمبلی حاجی انور ، عظیم فاروقی اور نامزد حق پرست امیدوار محمد کمال نے خطاب کیا ۔

(جاری ہے)

کارنر میٹنگوں میں نوجوانوں ،بزرگوں اور خواتین نے کثیر تعداد میں شرکت کی اور نامزد حق پرست امیدوار کا زبردست خیر مقدم کیا ۔ اس موقع پر نامزد حق پرست امیدوار محمد کمال کا عوام سے تعارف بھی کرایا گیا ۔ کارنر میٹنگوں سے اپنے خطاب میں رابطہ کمیٹی کی رکن محترمہ زرین مجید نے کہاکہ این اے 245کے ضمنی الیکشن کی انتخابی مہم میں عوام کی شرکت نامزد حق پرست امیدوار محمد کمال کی زبردست کامیابی کی نوید دے چکی ہے اور ایم کیوایم کے خلاف تمام تر منفی اور جھوٹے پروپیگنڈوں کے باوجود ضمنی الیکشن کی انتخابی مہم میں عوام کی شرکت اور شمولیت ثابت کرچکی ہے کہ ایم کیوایم کی مقبولیت میں کمی کے بجائے اضافہ ہی ہورہا ہے ۔

کارنر میٹنگوں سے خطاب کرتے ہوئے نامزد حق پرست امیدوار محمد کمال نے کہاکہ قائد تحریک جناب الطاف حسین کی جانب سے شروع کی گئی حقوق کی جدوجہد آج بھی تمام تر مظالم کے باوجود جاری ہے اور حق پرستی کے قافلے کو دنیا کی کوئی بھی طاقت اور سازش روک نہیں سکتی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ جناب الطاف حسین اورعوام کا رشتہ انمٹ ہے اور اسے ختم کرنے والے احمقوں کی جنت میں رہتے ہیں ، ماضی کے تمام تر انتخابات گواہ ہیں کہ جناب الطاف حسین نے جن امیدواروں کو نامزد کیا عوام نے انہیں بھاری اکثریت سے ووٹ دیکر کامیاب کرایا ہے ۔

کارنر میٹنگوں سے خطاب کرتے ہوئے حق پرست ارکان اسمبلی نے کہاکہ حکومتی سطح پر ایم کیوایم کو حاصل عوامی مینڈیٹ کا احترام نہیں کیاجارہا ہے اور حیلے بہانے کرکے اوراسمبلی میں اکثریت کی بنیاد پر ایم کیوایم کو جائز حق نہیں دیاجارہا ہے اور یہ عمل کرانے والے سراسر سیاسی اورجمہوری عمل کی نفی کررہے ہیں اور کھلا تعصب برت رہے ہیں ۔ انہوں نے کارنر میٹنگوں کے شرکاء سے اپیل کی کہ وہ 7، اپریل 2016کو ہونے والے ضمنی انتخاب میں نامزد حق پرست امیدوار برائے این اے 245محمد کمال کو زیادہ سے زیادہ ووٹ دیکر کامیاب کرائیں اور الطاف حسین اور ایم کیوایم کے خلاف کئے جانے والے تمام تر منفی پروپیگنڈوں کا بھر پور جواب دیں۔