کراچی میں نمائش چورنگی پر دھرنا دینے والے مظاہرین کے لئے آپریشن کی تیاریاں

منگل 29 مارچ 2016 23:48

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔29 مارچ۔2016ء) سندھ حکومت نے نمائش چورنگی پر موجود احتجاجی مظاہرین سے نمٹنے کیلیے آپریشن کی تیاریاں مکمل کرلی ہیں،اسلام آباد کے ریڈ زون میں دھرنے پربیٹھے مظاہرین سے اظہاریکجہتی کے لیے کراچی کی نمائش چورنگی پربھی احتجاجی دھرنا دیا جارہا ہے،کراچی کے مظاہرین کو بھی احتجاج ختم کرنے کے لئے الٹی میٹیم دیا گیا اور اس سلسلے میں نمائش چورنگی پر پولیس کی نفری بڑھا دی گئی، جبکہ کمانڈوز کی نفری بھی مزارقائد پہنچادی گئی،دوسری جانب ترجمان سندھ حکومت نے کہا ہے کہ مظاہرین سے مذاکرات کرنے کی کوشش جاری ہے اور اگر مذاکرات سے مظاہرین منتشر نہ ہوئے تو بھرپور آپریشن کیا جائے گا، احتجاج کی وجہ سے ایم اے جناح روڈ نمائش چورنگی سے سی بریزتک بند رہا، سیکیورٹی خدشات کے باعث وزیراعلیٰ ہاوٴس اورگورنر ہاوٴس کے متصل سڑک کو بھی کنٹینر لگا کر بندکردیا گیا، شہر کی دونوں مرکزی سڑکیں بند ہونے سے لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، ہزاروں کی تعداد میں لوگ منٹوں کا سفر گھنٹوں میں طے کرنے پرمجبور ر ہے،اس سے قبل ترجمان ٹریفک پولیس نے شہریوں کی سہولت کی لیے اپیل کی تھی کہ ٹاورسے ضلع وسطی کی جانب جانے والے حضرات نیو پریڈی اسٹریٹ ، نشتر روڈ اور سولجربازارکی سڑک استعمال کریں، جبکہ شہر کے وسطی علاقوں سے ٹاور، آئی آئی چندریگر روڈ اور اس کے ملحقہ علاقوں کی جانب جانے والے حضرات نیو پریڈی اسٹریٹ استعمال کریں۔

متعلقہ عنوان :