حادثاتی طور پر ”پوسٹ“ ہوجانے والی بلی 8دن بعد بھی زندہ رہی

Ameen Akbar امین اکبر بدھ 30 مارچ 2016 02:18

حادثاتی طور پر ”پوسٹ“ ہوجانے والی بلی 8دن بعد بھی زندہ رہی

کپ کیک واقعی بہت خوش قسمت بلی ہے۔اس سیامی بلی کو اس کی مالکہ نے حادثاتی طور پر چھوٹے سے باکس میں بند کر کے پوسٹ کر دیا تھا مگر یہ بلی 8 دن بعد بھی زندہ رہی۔
فالماؤتھ، جنوب مغربی انگلینڈ کی جولی باگوٹ کو پتہ ہی نہ چلا کہ جس باکس میں اس نے پوسٹ کرنے کے لیے ڈی وی ڈیز رکھی ہیں، اس میں بلی بھی چھپ کر بیٹھ گئی ہے۔اس نے باکس کو اسی طرح پیک کیا اور پوسٹ کر دیا۔

260 میل کا فاصلہ طے کر کے یہ بلی بذریعہ پوسٹ ملک کے دوسرے کونے ورتھنگ،مغربی سوسکس پہنچ گئی۔
پیک کو کھولنے والے نے بڑے شوق سے اپنی خریدی ہوئی موویز کا باکس کھولا مگر اس کے اندر بلی دیکھ کر حیران رہ گیا۔
کپ کیک بہت زیادہ نروس اور بیمار ہو گئی تھی، اسے فوراً ہی جانوروں کے ہسپتال لے جایا گیا، جہاں اس کا علاج کیا گیا۔

(جاری ہے)

اس کے گلے میں موجود مائیکروچپ کے ذریعے اس کی شناخت کی گئی۔


جانوروں کے ڈاکٹر کا کہنا ہے کہ اسے مائیکرو چپ سے بلی کے مالکان کی اپ ٹو ڈیٹ معلومات مل جانے سے بہت خوشی ہوئی، اس نے جب جولی کو کال کی تو پتا چلا وہ بھی اپنی گمشدہ بلی کو بڑی بے تابی سےتلاش کر رہی ہے۔جولی نےا پنے علاقے میں بلی کی گمشدگی کے پوسٹر لگا دئیے تھے مگر کسی کے وہم و گمان میں بھی نہیں تھاکہ کپ کیک بذریعہ پوسٹ 260میل دور جا چکی ہے۔
جولی اپنی بلی پا کر بے حد خوش ہے، اس کا کہنا ہے کہ میں نے ہی باکس میں ساری چیزیں ڈالی پھر اسے سیل کیا، پھر پوسٹ کیا نہ جانے کس طرح بلی باکس میں گھس گئی، مگر شکر ہے وہ زندہ رہی۔