انشاء اللہ پھر اقتدارمیں آکر ریاست کے 10 اضلاع میں 10 یونیورسٹیاں اور 10 میڈیکل کالج بنوائیں گے‘صدرآزاد کشمیر

بدھ 30 مارچ 2016 15:06

ہٹیاں بالا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔30 مارچ۔2016ء)صدرآزادجموں و کشمیر سردار محمد یعقوب خان نے کہا ہے کہ انشاء اللہ پھر اقتدارمیں آکر ریاست کے 10 اضلاع میں 10 یونیورسٹیاں اور 10 میڈیکل کالج بنوائیں گے- ہٹیاں بالا کے دور افتادہ علاقوں کی پسماندگی کی ذمہ دار یہاں کی منتخب سیاسی قیادت ہے۔میں نے بحثیت وزیر اعظم ہٹیاں بالا کو ضلع کا درجہ دلایا ۔

میرے بعد آنے والے دو وزیر اعظم یہاں کے ضلعی دفاتر میں ایک آسامی تک نہیں دے سکے۔ہٹیاں بالا کنٹرول لائن پر واقع ہونے کے ناطے انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔مقبوضہ کشمیر سے چکوٹھی کراسنگ پوائنٹ کے ذریعے داخل ہونے والے اس ضلع کو دیکھ کر آزادکشمیر کی ترقی اور پسماندگی کا تاثر قائم کرتے ہیں۔میری سوچ تھی کہ اس پسماندہ علاقے کو ضلع بناکر یہاں مستحکم ادارے قائم ہوں۔

(جاری ہے)

یونیورسٹی کیمپس کا قیام اسی سوچ کا مظہر تھا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز یہاں دور دراز علاقے امراساون تا نیہ کے مقام پر سید خادم حسین شاہ ہمدانی ،سید طالب حسین ہمدانی صدارتی مشیر اور نور حسین شاہ ہمدانی کی طرف سے اپنے اعزاز میں دئے گئے استقبالیہ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے ،صدر آزاد کشمیر نے کہا کہ اپوزیشن لیڈر اگر کا م نہ کرواسکے تو اسے قائد حزب اختلاف کی پوزیشن پر نہیں رہنا چاہئے۔

اگر وہ خاموش ہے تو سمجھ لینا چاہئے کہ دال میں کچھ کالا ضرور ہے۔صدر آزاد کشمیر نے کہا کہ مجھے ہٹیاں بالا کے عوام سے محبت ہے۔اسی لیے میں نے اسے ضلع بنایا،اور یونیورسٹی کیمپس دیا۔ضلع ہونے کی بدولت آج آپ کے پاس ڈپٹی کمشنر ،ایس پی اورتمام ضلعی محکمے موجود ہیں آپ کو مظفرآباد جانے کی ضرورت نہیں پٹرتی۔اسکے علاوہ ہر سال بارہ سے پندرہ طلباء ڈاکٹر اور انجینئر بنتے ہیں ۔

صدر آزاد کشمیر نے کہا کہ آئندہ انتخابات میں پیپلز پارٹی کا میاب ہو کر ہٹیاں بالا کے اس علاقے کو ہائی سکول ،کالج سٹرکیں اور ہسپتال دے گی۔پہلے بھی صاحبزادہ اسحاق ظفر کے اس حلقے میں ترقیاتی کام صرف پیپلزپارٹی کی حکومت میں ہوئے تھے ۔آئندہ بھی ہم ہی کام کروائیں گے۔اس موقع پر سابق وزیرلالہ حنیف اعوان، چےئرمین معائنہ کمیشن صاحبزادہ اشفاق ظفر،صدارتی مشیر راجہ ساجد حسین ،سید طالب حسین ہمدانی ،سید خادم حسین شاہ ہمدانی،سید نور حسین شاہ،نثار ہمدانی،حافظ غلام نبی،ڈاکٹر ذوالفقار ،سید طاہر حسین ہمدانی ، صدر ہٹیاں بالا بار ایسویشن آفتاب طارق اکرم شاہ اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔

مقررین نے صدرآزاد کشمیر کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اس دور دراز علاقے میں پہلی مرتبہ کوئی صاحب اقتدار شخص آیا ہے۔یہاں کسی وزیر کو اللہ نے آنے کی توفیق نہیں دی۔انہوں نے کہا کہ ہم صدر آزادکشمیر کے شکر گزار ہیں جنہوں نے ہٹیاں بالا کو پہلے ضلع کا درجہ دیا۔اور اس مرتبہ یونیورسٹی کیمپس دیا۔اس کے علاوہ بھی اس حلقے سے تین سے چار ہزار افراد کو مشرق وسطیٰ میں بھیجا۔سردار یعقوب خان کے اس حلقے کے عوام پر بڑے احسانا ت ہیں ،انہوں نے کہا کہ آئندہ انتخابات میں سردار یعقوب خان کا حکم ہمارے لیے اہمیت کا حا صل ہو گا-