بھارتی خفیہ ایجنسی را کے حاضر سروس افسر کی گرفتاری ایک کامیابی ہے ، دنیا بھر نے را کے افسر کا اعترافی بیان دیکھا ہے، بھارت کلبھوشن یادیو کو ایجنٹ تسلیم کرے یا نہ کرے کلبھوشن یادیو خود ایجنٹ ہونے کا اعتراف کر چکا ہے، ایران نے پاکستان مخالف سرحد استعمال نہ ہونے کی یقین دہانی کروائی ہے، سانحہ لاہور پر عالمی برادری نے گہرے دکھ اور افسوس کااظہا کیا، حملہ مسیحی برادری پر نہیں‌پاکستانیوں‌ پر تھا، پاکستان دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پر عزم ہے۔ پاک بھارت سیکرٹری خارجہ مذاکرات کے لیے تاریخ کا تعین کر رہے ہیں۔ ترجمان دفتر خارجہ نفیس زکریا کی میڈیا کو ہفتہ وار بریفنگ

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعرات 31 مارچ 2016 13:22

بھارتی خفیہ ایجنسی را کے حاضر سروس افسر کی گرفتاری ایک کامیابی ہے ، ..

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔31مارچ 2016ء) : ترجمان دفتر خارجہ نفیس زکریا کا کہنا ہے کہ پاکستان سے بھارتی خفیہ ایجنسی را کے حاضر سروس افسر کی گرفتاری نہایت اہم کامیابی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان دنیا کی توجہ بھارتی سرکاری اداروں کی پاکستان میں تخریبی کارروائیوں کی جانب دلانا چاہتا ہے ، دنیا بھر نے بھارتی ایجنسی را کے ایجنٹ کلبھوشن یادیو کا ا عترافی بیان دیکھا ۔

میڈیا کو ہفتہ وار بریفنگ دیتے ہوئے ترجمان دفتر خارجہ نفیس زکریا نے کہا کہ پاکستان ملک میں بھارتی مداخلت کا معاملہ اقوام متحدہ میں پہلے بھی اٹھا چکا ہے، گذشتہ سال ہم بھارتی خفیہ ایجنسی را کی پاکستان میں سرگرمیوں کے ثبوت اقوام متحدہ کو دے چکے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت کلبھوشن یادیو کو اپنا ایجنٹ تسلیم کرے یا نہ کرے وہ خود ایک بھارتی ایجنٹ ہونے کا اعتراف کر چکا ہے ،۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ کلبھوشن یادیو کی گرفتاری کے بعد مزید ثبوت اکٹھے کیے جا رہے ہیں، کلبھوشن یادیو نے بتایا کہ پاکستان میں سرگرمیوں کے لیے بھارتی ایجنسی را کے اہم افسران اسے رقم فراہم کرتے تھے ۔ کلبھوشن یادیو نے اپنے اعترافی بیان میں واضح طور پر را کی مالی امداد کا اعتراف کیا ہے ، ایسا ہی ایک بیان ماضی میں افغانستان میں چک ہیگل نے دیا تھا۔

انہوں نے بتایا کہ کلبھوشن یادیو کی گرفتاری اور اس کے اعتراف کے بعد اس معاملے پر پاکستان مسلسل ایران سے رابطے میں ہے۔ ایران نے پاکستان کو یقین دہانی کروائی ہے کہ ایران کی سرحد کو پاکستان کے خلاف استعمال نہیں ہونے دیا جائے گا ۔ ترجمان نے بتایا کہ ایم کیو ایم کو بھارتی ایجنسی را کی جانب سے فنڈنگ کا معاملہ وزارت داخلہ دیکھ رہی ہے۔ نفیس زکریا کا کہنا تھا کہ سانحہ لاہور پر عالمی رہنماﺅں نے انتہائی افسوس کا اظہار کیا ، دہشت گردوں کا کوئی مذہب نہیں۔

تمام پاکستانی مذہب، رنگ اور نسل کی بنیاد پر نہیں بلکہ پاکستانی ہونے پر ایک ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لاہور میں ہونے والا حملہ مسیحی برادری پر نہیں بلکہ پاکستانیوں پر تھا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی جانب سے دہشت گردوں کی مالی امداد کے بیانات انتہائی بے بنیاد ہیں ، پاکستان دہشت ردی کے خلاف جنگ میں مصروف ہے۔ پاکستان کی عوام بھی دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پر عزم ہے۔ ترجمان نے مزید بتایا کہ پاک بھارت سیکرٹری خارجہ ملاقات کے لیے مناسب تاریخ کا تعین کر رہے ہیں۔