عورت کی برابری کا عزم اور خاموشی توڑنے" کے عنوان سے تقریب کا اہتمام

جمعرات 31 مارچ 2016 22:53

کوئٹہ۔31 مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔31 مارچ۔2016ء) خواتین کے عالمی دن کی مناسبت سے جمعرات کے روز حکومت بلوچستان، وومن ڈیویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ، سماجی تنظیموں اور غیرسرکاری اداروں کے مشترکہ تعاون سے "عورت کی برابری کا عزم اور خاموشی توڑنے" کے عنوان سے ایک تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں محکمہ تعلیم، سماجی بہبود اور سماجی تنظیموں اور صوبائی محکمہ ترقی نسواں کے علاوہ مختلف اسکولوں، کالجوں اور یونیورسٹیوں کے پروفیسرز، لیکچررز، طالبات، ممبر صوبائی بورڈ کے علاوہ مختلف مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والی خواتین نے شرکت کی۔

تقریب کا آغاز تلاوت قرآن پاک، حمدونعت سے ہوا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ممبر صوبائی اسمبلی ڈاکٹر شمع اسحاق بلوچ نے خواتین کے عالمی دن منانے کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ عورتوں کے حقوق سے عام عورت کو آگاہ کرنا اور ان کو زندگی کے تمام شعبوں میں یکساں حیثیت اور نمایاں مقام کے حوالے سے شعور بیدار کرنے کے لئے ہرسال عالمی سطح پر یہ دن منایا جاتا ہے۔

(جاری ہے)

اس دن کی مناسبت سے تمام خواتین کو اپنے حقوق اور تشدد کے خلاف نمایاں کردار ادا کرنے کے عہد کی تجدید ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہرمحاذ پر اور اسمبلی فلور پر عورتوں کے جائز حقوق اور معاشرے میں ان کی برابری کے لئے آواز اٹھانا اور قانون سازی کرنے کے لئے بھرپور کردار ادا کریں گی۔ اب عورتوں میں شعور اجاگر ہوا ہے اور وہ معاشرے میں برابری کا مقام حاصل کرنے، اور فرسودہ روایتوں کی وجہ سے معاشرے میں موجود تشدد، خوف اور جبرسے آزادی اور چھٹکارا حاصل کرناکلیدی کردار ادا کررہی ہیں۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر تعلیم عبدالرحیم زیارتوال نے کہا کہ معاشرے میں عورتوں کو جائز مقام دلانے اور حقوق کے حصول کے لئے جدوجہد میں مرد عورتوں کے شانہ بشانہ ہوں گے۔ معاشرے میں عورتوں کا کردار بہت اہم ہے۔ عورتوں نے درس وتدریس کے میدان میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منواکر یہ ثابت کردیا ہے کہ وہ زندگی کے ہرشعبے میں مردوں کے ساتھ برابری کی حقدار ہیں۔

اگر عورتوں نے یہی محنت اور صلاحیت برقرار رکھی تو وہ وقت دور نہیں جب وہ مردوں کے ساتھ ہر شعبے میں یکساں حیثیت حاصل کرلیں گی۔ مرد اگر نہ بھی چاہے تو عورتیں اپنا کردار بلند، حوصلہ اور انتھک محنت سے اپنا مطلوبہ مقام حاصل کرنے سے انہیں کوئی طاقت روک نہیں سکتی۔ تقریب سے سماجی تنظیم کی سربراہ ثریا اللہ دین، امیر عمامہ، زمامہ کاسی، اور دیگر مقررین نے حقوق نسواں کاعالمی دن منانے کی اہمیت پر روشنی ڈالی، بعد ازاں نمایاں خدمات کی بناء پر خواتین میں شیلڈز تقسیم کئے گئے۔

متعلقہ عنوان :