جنید جمشید پر حملہ کر نے والوں کو شناخت کر لیا گیا

جمعہ 1 اپریل 2016 17:02

جنید جمشید پر حملہ کر نے والوں کو شناخت کر لیا گیا

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔یکم اپریل۔2016ء) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے بینظیر انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر مشہور نعت خواں، مبلغ اور سابق گلوکار جنید جمشید پر حملہ کرنے والوں کو شناخت کرلیا گیا ‘پولیس نے گرفتاری کیلئے نیشنل ڈیٹابیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) کی مدد سے ان افراد کے کوائف کی تصدیق کی۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق تفتیشی افسر سب انسپکٹر راجا ارشد نے بتایا کہ جنید جمشید کی نشاندہی پر 3 افراد کو شاہ فیصل، عرفان اور اختر کے نام سے شناخت کیا گیا اور پولیس ان کے گھروں کے پتے کا تعین کرچکی ہے ۔

راجا ارشد نے بتایا کہ ہمارے پاس ان افراد کے گھروں کے ایڈریس موجود ہیں اور ایک پولیس ٹیم بھیجی جائیگی تاکہ انھیں الزامات کا سامنا کرنے کے لیے راولپنڈی لایا جاسکے اگرچہ پولیس کے پاس ملزمان کے ٹکٹوں کی کاپی موجود ہے تاہم انھوں نے پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) سے درخواست کی کہ وہ جہاز کے مسافروں کی فہرست فراہم کریں تاکہ ان کے گھر کے پتوں کا تعین کیا جاسکے پولیس نے نادرا سے بھی ان افراد کے ڈیٹا کی تصدیق کیلئے درخواست کی ‘ ایئرپورٹ سے سی سی ٹی وی فوٹیج بھی حاصل کی جاچکی ہے، جس سے ان افراد کی گرفتاری میں مدد ملے گی۔

(جاری ہے)

سب انسپکٹر راجا ارشد کے مطابق مذکورہ ملزمان کا تعلق کراچی سے ہے جو ممتاز قادری کے چہلم میں شرکت کیلئے راولپنڈی آئے تھے

متعلقہ عنوان :