درجہ حرارت بڑھنے کے ساتھ ہی بدترین لوڈشیڈنگ شروع ہوگئی ہے‘ میاں مقصود احمد

عوام کی امیدیں دم توڑنے لگیں،مایوسی کے اندھیرے چھانے لگے‘ امیر جماعت اسلامی پنجاب

جمعہ 1 اپریل 2016 18:59

درجہ حرارت بڑھنے کے ساتھ ہی بدترین لوڈشیڈنگ شروع ہوگئی ہے‘ میاں مقصود ..

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔یکم اپریل۔2016ء) امیرجماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمدنے کہاہے کہ لاہور سمیت پنجاب بھر میں درجہ حرارت بڑھنے کے ساتھ ہی بدترین لوڈشیڈنگ کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے،شہروں میں12سے 14اور دیہاتوں میں18سے20گھنٹے کی لوڈشیڈنگ نے عوام کی زندگی اجیرن بنادی ہے،لوڈشیڈنگ کم کرنے کے حکومتی دعوے محض عوام کو بے وقوف بنانے کے لئے کیے جاتے رہے ہیں۔

ان خیالات کا انہوں نے گزشتہ روزمنصورہ میں مختلف عوامی وفود سے گفتگوکرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہاکہ بجلی کے بحران کی وجہ سے ملک کاصنعتی شعبہ زبوں حالی کاشکار ہوچکا ہے۔لوگ بے روزگار ہوچکے ہیں،ان کے گھروں میں فاقوں کی نوبت آن پہنچی ہے۔مہنگائی میں دن بدن ہوتے اضافے اور بے روزگاری نے لوگوں کو خود کشیاں کرنے پر مجبور کردیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ موجودہ حکومت کو تین برس گزرچکے ہیں مگر عوامی مشکلات میں ذرابرابر بھی کمی نہیں ہوئی۔

حکمرانوں کی غلط ترجیحات اور ناقص پالیسیوں کی وجہ سے لوگوں کی امیدیں دم توڑ چکی ہیں اور مایوسی کے اندھیرے چھانے لگے ہیں۔حکمرانوں کی ترجیحات سے ایسامحسوس ہوتا ہے کہ جیسے ان کو عوامی مسائل کے حل سے کوئی غرض نہیں۔میاں مقصود احمد نے مزید کہاکہ درجہ حرارت مزید بڑھنے سے پہلے حکومت نے لوڈشیڈنگ پر قابونہیں پایا تو لوگ سڑکوں پر نکل آئیں گے۔حکومت لوڈشیڈنگ کے عذاب سے چھٹکارہ پانے کے لئے سنجیدگی دکھائے اور سستے ذرائع ہوا،پانی اور قدرتی گیس سے بجلی پیداکی جائے۔