بیلاروس کے پیشہ ورانہ تعلیم کے ادارے ری پبلکن انسٹیٹیوٹ فار ووکیشنل ایجوکیشن کے وفد کا اعلیٰ تعلیمی کمیشن کا دورہ

جمعہ 1 اپریل 2016 19:32

اسلام آباد ۔ یکم اپریل (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔یکم اپریل۔2016ء) بیلاروس سے پیشہ ورانہ تعلیم کے ایک ادارے ری پبلکن انسٹیٹیوٹ فار ووکیشنل ایجوکیشن (رائیو) کے ایک وفد نے اعلیٰ تعلیمی کمیشن کا دورہ کیا اور چئیرمین ایچ ای سی ڈاکٹر مختار احمد اور دیگر اعلیٰ عہدیداران سے ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پر گفتگو کی۔ وفد کی قیادت رائیو کے ریکٹر پروفیسر ارکادے شکلیارکر رہے تھے۔

ملاقات میں دونوں طرف سے اس بات پر اتفاق کیا کہ پاکستان اور بیلاروس اعلیٰ تعلیم کے شعبے میں مشترکہ ترجیحات رکھتے ہیں اور دونوں ممالک کو اپنی صلاحیتوں کو یکجا کر کے مستقبل کے تعلیمی، پیشہ ورانہ اور سائنسی چیلنجز کا مقابلہ کرنے کی ضرورت کی۔ ملاقات میں تعلیمی، پیشہ ورانہ اور انجینئرنگ کے شعبہ جات میں تعاون کرنے پر اتفاق ہوا۔

(جاری ہے)

چئیرمین ایچ ای سی نے کہا کہ پاکستان اور بیلاروس کے درمیان حکومتی سطح پر تعلیمی شعبہ میں تعاون سے متعلق معاہدہ ہو چکا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ پاکستان میں تین نئی پیشہ ورانہ تعلیمی پر مبنی جامعات کے قیام پر کام جاری ہے۔ پروفیسر ارکادے شکلیار نے چیئرمین کو بتایا کہ رائیو پیشہ ورانہ تعلیم کے فروغ کے لئے لائحہ عمل تیار کرتا ہے اور مختلف نظام ہائے تعلیم پر گہری نظر رکھتا ہے۔ ”ہم کئی بین الاقوامی تنظیموں کے ساتھ باہمی تعاون پر مبنی اقدامات اٹھا رہے ہیں۔

“ ریکٹر نے رائیو کے مختلف منصوبوں بشمول توانائی اور پیشہ ورانہ تربیت سے بھی چئیرمین کو آگاہ کیا اور بیلاروس کے سنٹر آف ایکسیلنس اِن ری نیو ایبل انرجی کی کامیابیوں کے بارے میں بتایا۔ چیئرمین ایچ ای سی نے پاکستان میں اس طرز کے سنٹر بنانے اور اس سلسلے میں بیلاروس کے ادارے سے رہنمائی حاصل کرنے میں دلچسپی ظاہر کی۔ انہوں نے کہا کہ بیلاروس اور پاکستان وائس چانسلرز اور طلباء کے گروپس کا بھی تبادلہ کر سکتے ہیں۔ یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ 11 اپریل کو بیلاروس سے جامعات کا ایک وفد پاکستان کا دورہ کرے گا تاکہ تعاون کے لئے نئی راہوں کا تعین کیا جا سکے۔

متعلقہ عنوان :