سڑکیں اور شاہراہیں معاشی ترقی کے علاوہ قومی یکجہتی کا بھی اہم ذریعہ ہیں، پاکستان کے گوشے گوشے اور کونے کونے کو ملانے کے چیلنج کو پایہ تکمیل تک پہنچائیں گے، تعلیمی ترقی کے بغیر ملکی ترقی کا خواب پورا نہیں ہو سکتا، مسلم لیگ (ن) کی حکومت تعلیم کے شعبے کی ترقی کیلئے عملی اقدامات کر رہی ہے، وفاقی وزیر امور کشمیر وگلگت بلتستان چوہدری محمد برجیس طاہر کا تقریب سے خطاب

جمعہ 1 اپریل 2016 22:22

سانگلہ ہل۔یکم اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔یکم اپریل۔2016ء) وفاقی وزیر امور کشمیر وگلگت بلتستان چوہدری محمد برجیس طاہر نے کہا ہے کہ ملک میں سڑکوں اور شاہراہوں کی تعمیر سے نہ صرف معاشی ترقی میں اضافہ ہوگا بلکہ ان کی تعمیر سے ملک کے قصبوں ، شہروں اور صوبوں کے قریب آنے سے قومی یکجہتی میں بھی اضافہ ہوتا ہے۔انہوں نے یہ بات تحصیل صفدرآباد کے نواحی قصبے پکاڈلہ میں ایک مقامی سڑک کا افتتاح کرتے ہوئے کہی۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت کا مقصد ملک کے دورافتادہ علاقوں کو آپس میں قریب لانا ہے اور یہی وجہ ہے کہ وزیراعظم کے وژن میں ان علاقوں میں شاہراہوں اور موٹرویز کی تعمیر ترجیحی بنیادوں پر کی جارہی ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان میں اقتصادی راہداری کے تحت بننے والی سڑکوں میں گلگت بلتستان اور بلوچستان کے علاقوں کو ترجیح دی جارہی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ یہی وجہ ہے کہ بھارت اس منصوبے کو ثبوتاژکرنے کیلئے ”را“کے ذریعے بلوچستان میں بدامنی پیدا کرنے میں مصروف ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمارے دشمنوں کو اس چیز کا بخوبی علم ہے کہ پاک چین اقتصادی راہداری کی تعمیر سے ایک طرف تو پاکستان ایک مضبوط معاشی طاقت بن جائے گا اور دوسری طرف اس کی تعمیر سے قومی یکجہتی پیدا ہوگی جوکہ ملک کو یک جان کردے گی اور پاکستانی قوم دُنیا کی ایک مثالی قوم کے طور پر ابھرے گی۔

چوہدری محمد برجیس طاہر نے کہا کہ حکومت نے ملک کے قصبوں ، شہروں اور صوبوں کو ملانے کا جوبیڑہ اٹھایا ہے اُسے ہر حال میں پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے گا اور اس میں حائل ہر قسم کی رکاوٹ اور سازش سے سختی سے نمٹا جائے گا۔اس سے قبل وفاقی وزیر نے سانگلہ ہل میں گورنمنٹ گرلز ہائی سکول پرانا چہور کی اپ گریڈیشن اور نئی عمارت کی تکمیل پر افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سکولوں اور تعلیمی اداروں کی اپ گریڈیشن درحقیقت تعلیم اور قوم کی اپ گریڈیشن ہے جوکہ ہماری قوم کی سماجی اور معاشی اقدار کو مضبوط کرنے کے علاوہ اقوام عالم میں پاکستانی قوم کی پہچان بطور ایک مہذب اور تعلیم یافتہ قوم کے اور بھی مضبوط کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ تعلیمی ترقی کے بغیر ملکی ترقی کا خواب پورا نہیں ہو سکتا، اسی لئے مسلم لیگ (ن) کی حکومت تعلیم کے شعبے کی ترقی کیلئے عملی اقدامات کر رہی ہے،۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ موجودہ حکومت علم کی اہمیت سے بخوبی آگاہ ہے، یہی وجہ ہے کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے ملک کو جہالت کے اندھیروں سے نکال کر ٹیکنالوجی کی راہ پر ڈالنے کی مربوط حکمت عملی تیار کر لی ہے۔

انہوں نے کہاکہ سکولوں کی کارگردگی پہلے کی نسبت اب بہتر ہو رہی ہے ، ٹاپ پوزیشن ہولڈر میں سرکاری سکولوں کے بچے سر فہرست ہیں جس کو مزید بہتر بنانے کیلئے سرکاری سکولوں کے ٹیچرز کو اپنی ذمہ داریوں کو احسن طریقے سے پورا کرنا ہو گا۔ اس موقع پروفاقی وزیر نے گریڈ5 کے امتحان میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے والی بچی آمنہ صابرکو ایک لاکھ روپے انعام دینے، سکول میں ٹف ٹائل لگانے اور دیگر سہولیات کی فراہمی کا اعلان کی بھی کیا۔