ٹکٹوں کی تقسیم بارے شائع خبریں من گھڑت ہیں، میڈیا بے بنیاد خبروں کی اشاعت سے اجتناب کرے، ترجمان (ن) لیگ آزاد کشمیر

ہفتہ 2 اپریل 2016 16:42

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔02 اپریل۔2016ء) پاکستان مسلم لیگ(ن)آزاد جموں و کشمیر کے مرکزی ترجمان نے بعض اخبارات میں آزاد جموں وکشمیر کے آمدہ الیکشن میں مسلم لیگ(ن) کے ٹکٹوں کی تقسیم کے حوالہ سے شائع ہونے والی من گھڑت خبروں پر اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ میڈیا کو اسطرح کی بے بنیاد خبروں کی اشاعت سے اجتناب کرتے ہوئے ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔

ترجمان نے کہا کہ مسلم لیگ(ن) کے ٹکٹ قائد پاکستان محمد نوازشریف کی منظوری سے جاری ہوتے ہیں اور ابھی تک پاکستان مسلم لیگ(ن) آزاد جموں و کشمیر کے صدر راجہ محمد فاروق حیدر خان اور دیگر مرکزی عہدیداران سمیت کسی کا بھی ٹکٹ کنفرم نہیں ہے ۔ ترجمان نے کہا کہ مسلم لیگ(ن) ایک سیاسی جماعت ہے جس میں تمام تر فیصلے میرٹ اور جماعتی و نظریاتی وابستگی کو مدنظر رکھ کرکیے جاتے ہیں، وزیراعظم پاکستان اور صدر پاکستان مسلم لیگ(ن) نے جماعتی ٹکٹوں کی اجرائیگی کیلئے پارلیمانی بورڈ تشکیل دے دیا ہے اور مسلم لیگ(ن) کے ٹکٹ کے حصول کیلئے اب تک آزاد کشمیر کے29 اورمہاجرین جموں وکشمیر مقیم پاکستان کے 12حلقہ جات سے اب تک225سے زائد درخواستیں موصول ہوئی ہیں۔

(جاری ہے)

مسلم لیگ(ن) کا پارلیمانی بورڈ تمام درخواستگان کو انٹرویو کیلئے طلب کرے گا اور انٹرویو کے بعد پارلیمانی بورڈ کی مرتب کردہ سفارشات منظوری کیلئے مرکزی صدر میاں محمد نواز شریف کو پیش کی جائینگی اور میاں محمد نواز شریف کو ہی حتمی فیصلے کا اختیار حاصل ہے۔ ترجمان نے کہا کہ حلقہ میں کسی ایک فرد کو ہی جماعتی ٹکٹ جاری کیا جا سکتا ہے اس لیے مسلم لیگی عہدیداران و کارکنان اپنے صفوں میں اتحاد و ااتفاق کو فروغ دیتے ہوئے جماعتی ڈسپلن کی پابندی کویقینی بنائیں مسلم لیگ(ن) میں تمام فیصلے میرٹ پر کیے جائیں۔

ترجمان نے مزید کہا کہ بلاشبہ مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر کی سب سے مضبوط ترین سیاسی قوت ہے اور آمدہ انتخابات میں مسلم لیگ(ن) اللہ تعالیٰ کی مدد، محمد نواز شریف کی ویژنری قیادت اور عوامی حمایت کی بدولت بھرپور کامیابی حاصل کرکے آزاد کشمیر میں ایک غیر روایتی اور اچھی حکومت قائم کریگی۔

متعلقہ عنوان :