وفاقی حکومت نے پی آئی اے کی نجکاری نہ کرنے کی یقین دہانی کرا دی ہے ، سیاست میں کچھ نئے لوگ ایسے آگئے ہیں جن کو اس کی اے بی سی بھی نہیں آتی ، ملک میں ڈیم بننے چاہئیں ، ڈیم بننے سے بجلی سستی ہوگی

قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف خورشید شاہ کی میڈیا سے بات چیت

ہفتہ 2 اپریل 2016 21:34

پنو عاقل (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔02 اپریل۔2016ء) قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف خورشید شاہ نے کہاہے کہ وفاقی حکومت نے پی آئی اے کی نجکاری نہ کرنے کی یقین دہانی کرا دی ہے، بدقسمتی سے آج کل کچھ نئے لوگ سیاست میں آ گئے ہیں جنھیں سیاست کی اے بی سی بھی نہیں پتہ، ملک میں ڈیم بننے چاہئیں کیونکہ ڈیم بننے سے بجلی سستی ہوگی۔ وہ بدھ کویہاں میڈیا سے بات چیت کررہے تھے ۔

(جاری ہے)

خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ آج کل کچھ نئے لوگ سیاست میں آ گئے ہیں جنھیں سیاست کا کچھ پتہ ہی نہیں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ نئے سیاستدان صدارتی نظام لانا چاہتے ہیں،لیکن انھیں معلوم ہی نہیں کہ صدارتی نظام بری طرح ناکام ہو چکا ہے، جمہوریت میں ہی ملک کی بقا ہے۔خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ پی آئی اے کے مزدوروں کے لئے ہم نے اسٹینڈ لیا اور وفاقی حکومت نے قومی ایئر لائن کی نجکاری نہ کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ میٹرو منصوبے اور اونج لائن ٹرین بنانے سے ملک ترقی نہیں کرتے بلکہ ملک کی ترقی بہترانفرا اسٹرکچر سے ہوتی ہے، ملک میں ڈیم بننے چاہئیں کیونکہ ڈیم بننے سے بجلی سستی ہوگی۔