جیکب آباد، گڑہی خیرو میں رند اور سومرو برادری میں تصادم،8 افراد قتل،5زخمی

اتوار 3 اپریل 2016 20:12

جیکب آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 3اپریل۔2016ء) گڑہی خیرو میں زرعی زمین کے تنازعے پر رند اور سومرو برادری میں خونی تصادم میں8 افراد قتل اور5زخمی ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق جیکب آباد کی تحصیل گڑہی خیرو کے تھانہ پُنھو بھٹی کی حدود قصبہ بادانی میں رند اور سومرو برادری کے درمیان 6سو ایکڑ زرعی زمین کے تنازعے پر تصادم ہو گیا، جس کے نتیجے میں سومرو برادری کے 6اوررند برادری کے 2افراد قتل ہو گئے ،جبکہ 5افراد زخمی ہو گئے ہیں، رند اور سومرو برادری کے درمیان تصادم میں قتل ہونے والے افراد میں مراد علی سومرو، گل جان سومرو، غلام علی سومرو، منظور احمد سومرو، محمد خان سومرو، امیر بخش سومرو جبکہ رند برادری کے عبدالحمید ڈاھانی اور معشوق ڈاھانی شامل ہیں، زخمیوں میں 8سالہ زیب سومرو، شہزادو ، شیر خان و دیگر شامل ہیں۔

(جاری ہے)

واقع کے بعد ایس ایس پی جیکب آباد کی قیادت میں مختلف تھانوں کی پولیس جائے وقوعہ پہنچی اور قبائل کے درمیان جاری فائرنگ کا سلسلہ بند کرادیا۔ پولیس نے پورے علاقے کا محاصرہ کر کے پورے علاقے کے سیل کر دیا ہے قتل ہونے والے سومرو برادری کے 6افراد کی لاشیں گڑہی خیرو اسپتال میں رکھی گئی ہیں جبکہ رند برادری کے قتل ہونے والے 2افراد کی لاشیں پوسٹ مارٹم کے بعد ورثاء کے حوالے کی گئیں ہیں ۔

ایس ایس پی جیکب آباد ساجد حسین کھوکھر نے جائے وقوعہ پر میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ علاقے کا کنٹرول سنبھال لیا ہے جلد ملزمان کو گرفتار کیا جائیگا جبکہ رند برادری کے سرکردہ رہنماء میر لیاقت خان رند نے بتایا کہ مذکورہ زرعی زمین بلیدی برادری سے قادر بخش رند نے خریدی تھی جس کے بعد یہ زمین میں نے خریدی سومرو برادری نے ہماری برادری پر حملہ کیا جوابی فائرنگ میں نقصان ہوا ہے ۔

سومرو برادری کے سردار سجاد حسین سومرو نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ زرعی زمین سومرو برادری کی ہے ہمارے قبیلے کے لوگوں کے ساتھ ظلم ہوا ہے ہمیں امید ہے کہ ہمارے ساتھ انصاف کیا جائیگا۔ دوسری جانب علاقہ مکینوں نے بتایا ہے کہ مذکورہ 6سو ایکڑ زرعی زمین کا فیصلہ کچھ عرصہ قبل سردار منظور خان پنہور کی سرپنچی میں ہوا تھا جس میں فیصلہ ہوا تھا کہ 3سو ایکڑ رند برادری اور 3سو ایکڑ سومرو برادری کی ہے ۔ واقعے کے بعد علاقے میں خوف و حراس پھیلا ہوا ہے ۔

متعلقہ عنوان :