میرواعظ عمر فاروق کو اسلامی تعاون تنظیم کے13ویں سربراہ اجلاس میں شرکت کی دعوت

عالمی اداروں، او آئی سی کی مثبت کوششیں سے مسئلہ کشمیر کے حل میں حائل رکاوٹیں دور کی جاسکتی ہیں، حریت رہنماء

پیر 4 اپریل 2016 15:10

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔04 اپریل۔2016ء) کل جماعتی حریت کانفرنس کے سربراہ میرواعظ عمر فاروق کو اسلامی تعاون تنظیم کے سیکرٹری جنرل ایاد امین مدنی کی طرف سے تنظیم کے13ویں سربراہ اجلاس میں شرکت کا باضابطہ دعوت نامہ موصول ہوا ہے۔ اطلاعات کے مطابق اجلاس 10 سے 15 اپریل تک ترکی کے شہر استنبول میں ہو گا ۔ میرواعظ نے سربراہ اجلاس میں مدعو کئے جانے پر او آئی سی کے سیکریٹری جنرل کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسلامی ممالک کے ایک با اثر نمائندہ فورم کی حیثیت سے او آئی سی کی ذمہ داری ہے کہ وہ عالم اسلام کو درپیش مسائل کے حل کیلئے اپنا موثر کردار ادا کرے۔

میرواعظ نے حصول حق خودارادیت کی جدوجہد میں کشمیریوں کی سیاسی اور سفارتی حمایت کرنے پر تنظیم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پورے جنوب ایشیائی خطے کا استحکام تنازعہ کشمیر کے حل سے جڑا ہوا ہے اور دنیا کے دیگر عالمی اداروں کیساتھ او آئی سی کی مثبت کوششیں مسئلے کے حل میں حائل رکاوٹیں دور کی جاسکتی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے امید ظاہر کی کہ او آئی سی کے سربراہ اجلاس کے دوران رکن ممالک مسئلہ کشمیرکوکشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق حل کرانے کیلئے اپنا اثرو رسوخ استعمال کرنے کی طرف توجہ مرکوز کریں گے۔دریں اثنا ء حریت ترجمان نے گزشتہ تین برسوں سے میرواعظ عمرفاروق کی سفری دستاویزات پر عائد پابندی ہٹانے کا مطالبہ کیا۔