کاشتکار گندم کی کنگی کی بیماری کیخلاف قوت مدافعت رکھنے والی اقسام کا بیج تیار کریں، محکمہ زراعت پنجاب

پیر 4 اپریل 2016 16:55

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔04 اپریل۔2016ء) محکمہ زراعت پنجاب نے ہدایت کی ہے کہ کاشتکار گندم کی کنگی کی بیماری کے خلاف قوت مدافعت رکھنے والی اقسام کا بیج تیار کریں۔ ترجمان کے مطابق آئندہ کاشت کیلئے قوت مدافعت رکھنے والی اقسام کے بیج کے استعمال سے بیماری کے ممکنہ حملہ کے خطرہ سے نمٹا جا سکتا ہے۔ترجمان نے کہا کہ محکمہ زراعت حکومت پنجاب کی طرف سے کنگی کی بیماری کے خلاف قوت مدافعت رکھنے والی اقسام کے بیج کی بلا معاوضہ فراہمی ایک قابل تحسین اقدم ہے۔

(جاری ہے)

گندم کی کنگی کی بیماری کی خطرناک قسم یو جی 99 اور دیگر اقسام پاکستان میں غذائی قلت کا سبب بن سکتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب کی ہدایت کے مطابق اس سہولت سے مستفید کنندہ کاشتکار اس بیج کی پیداوار کو ساتھی کاشتکاروں کو اس وقت کے گندم کے نرخوں پر دینے کیلئے پابند ہیں۔اس طرح کاشتکار اس نمائشی پلاٹ سے نیا بیج لیکر پرانے بیجوں کو بیماریوں سے پاک اقسام کے بیجوں سے تبدیل کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ زراعت کا مذکورہ متاثرہ اقسام کے بیجوں کی فری تبدیلی کامنصوبہ انتہائی اہم ثابت ہو گا۔ اس منصوبہ سے گندم کی پیداوار میں اضافہ اور فوڈ سکیورٹی میں درپیش مسائل سے نبردآزما ہونے میں مدد ملے گی ۔