چیئرمین وفاقی تعلیمی بورڈ اور کنٹرولر امتحانات کا میٹرک کے امتحانی مراکز کا اچانک معائنہ

پیر 4 اپریل 2016 18:47

اسلام آباد ۔ 4 اپریل (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔04 اپریل۔2016ء) وفاقی تعلیمی بورڈ اسلام آباد کے چیئرمین ڈاکٹر اکرام علی ملک اور کنٹرولر امتحانات قاسم علی کاظمی نے پیر کو میٹرک کے سالانہ امتحان کے لئے قائم مختلف امتحانی مراکز کا اچانک معائنہ کیا۔

(جاری ہے)

پیر کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق انہوں نے چناب کالج قاضی پلازہ لہتراڑ روڈ، ترامڑی چوک اسلام آباد، سلطانہ فاؤنڈیشن گرلز ہائی سکول، لہتراڑ روڈ، فراش ٹاؤن اسلام آباد، سلطانہ فاؤنڈیشن بوائز ہائی سکول لہتراڑ روڈ، فراش ٹاؤن (فیڈرل ایریا) اسلام آباد، اسلام آباد ماڈل کالج فار گرلز پنجگراں (فیڈرل ایریا)، اسلام آباد، گرافٹن کالج 6 پارک روڈ، چک شہزاد اسلام آباد کے تین امتحانی مراکز کا دورہ کیا۔

معائنے کا بنیادی مقصد امتحانات کے شفاف انعقاد کو یقینی بنانا، امتحانی مراکز پر موجود سہولیات کا جائزہ لینا اور مراکز پر متعین عملہ کی کارکردگی کی جانچ کرنا تھا۔ معائنہ کے دوران تمام امور کو تسلی بخش پایا گیا اور جہاں ضرورت تھی وہاں متعلقہ عملے کی رہنمائی کی گئی۔