امریکا میں کپتان نے مسلمان خاندان کو طیارے سے بیدخل کردیا

ماں باپ اورتین بچوں پر مشتمل گھرانہ امریکی شہریت کا حامل ہے ،کمپنی کی طرف سے کپتان کے رویئے پرمعذرت

پیر 4 اپریل 2016 21:53

امریکا میں کپتان نے مسلمان خاندان کو طیارے سے بیدخل کردیا

واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔04 اپریل۔2016ء) امریکا میں عربوں اور مسلمانوں کے ساتھ ہتک آمیز سلوک کا سلسلہ جاری ہے۔ اس حوالے سے دہشت گردی کے فوبیا میں مبتلا ہوکر انہیں ملک کی اندرونی پروازوں کی اڑان سے قبل طیاروں سے اتارے جانے کے واقعات میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔ تاہم اس غیرانسانی اور غیر اخلاقی رویے کے تازہ ترین واقعے کے شکار ہونے والے خاندان کو نسبتا زیادہ اہانت کا سامنا کرنا پڑا۔

ماں باپ اور تین بچوں پر مشتمل یہ پورا گھرانہ امریکی شہریت رکھتا ہے جن کے چہروں کو دیکھ کر ہی ان کی سلیم فطرت کا اندازہ لگانا مشکل نہیں۔تاہم امریکن ایئرلائنزکمپنی کے کپتان نے اس خاندان کو دوسرے زاویے سے پرکھا اور خوف کے اندیشے سے مغلوب ہوگیا۔ اس نے شکاگو سے واشنگٹن جانے والی پرواز کی اڑان سے قبل ہی اس پورے خاندان کو طیارے سے اتار دیا۔

(جاری ہے)

اس پر بچوں کی لبنانی ماں ایمان سعد شبلی کا دل تڑپ گیا اور اسے اپنے فیس بک اکانٹ کے سوا دل کی بھڑاس نکالنے کا کوئی راستہ نظر نہ آیا۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق ایمان نے ایک ٹوئیٹر پیغام میں فضائی کمپنی کو مخاطب کر کے انتہائی دل جلے انداز میں اپنے جذبات کا اظہار کیا،اورکہاکہ امریکن ایئرلائنز تمہیں شرم آنی چاہیے کہ تم نے بنا کسی سبب کے مجھے اور میرے گھروالوں کو(نسلی)امتیاز کا نشانہ بنایا۔

اس کی وجہ ہمارے حلیے کے سوا کچھ نہ تھا۔ ہمیں فلائٹ سیکورٹی ایشوزکی بنیاد پر واشنگٹن جانے والی پرواز سے باہر نکال دیا گیا جہاں ہم بچوں کی موسم بہار کی چھٹیاں گزارنے جا رہے تھے۔ میرے تینوں بچے اس (بھیانک) تجربے سے گزرنے کے حوالے سے ابھی بہت چھوٹے ہیں۔بعد ازاں امریکن یئرلائنزکی جانب سے اس خاندان سے معذرت کی گئی اور اگلی پرواز میں تمام افراد کے لیے نشستیں بھی فراہم کردی گئیں۔ فضائی کمپنیوں کا یہ وتیرہ رہا ہے کہ وہ شک کی بنیاد پر اتارے جانے والے مسافروں کو دیگر طیاروں کی سیکورٹی کو مزید یقینی بنا کر پھر ان میں سوار کرا دیتی ہیں۔

متعلقہ عنوان :